پاکستانی حکومت کے تحفظات پر ان کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کا بیان

جمعرات 18 اپریل 2024 17:17

پاکستانی حکومت کے تحفظات پر ان کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، سوشل میڈیا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزارت داخلہ کی جانب سے ایکس بندش پر جمع کرائی گئی رپورٹ کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے کہاہے کہ وہ پاکستانی حکومت کے تحفظات پر ان کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایکس کی جانب سے یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزارت داخلہ نے ایکس بندش پر جواب جمع کرواتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ پاکستان میں ایکس کو قومی سلامتی کے خدشات پر بند کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں وزارت داخلہ نے کہا کہ ایکس کی بندش کا فیصلہ قومی سلامتی اور امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا۔حکومتی رپورٹ میں کہا گیا کہ ایکس پاکستان میں رجسٹرڈ ہے نہ ہی پاکستانی قوانین کی پاسداری کے معاہدے کا شراکت دار ہے، ایکس کی جانب سے پلیٹ فارم کے غلط استعمال سے متعلق حکومت پاکستان کے احکامات کی پاسداری نہیں کی گئی جس کے باعث پابندی لگانا ضروری تھا۔

(جاری ہے)

وزارت داخلہ کے مطابق ایکس حکام کا عدم تعاون ایکس کیخلاف ریگولیٹری اقدامات بشمول عارضی بندش کا جواز ہے،حکومت کے پاس ایکس کی عارضی بندش کے علاوہ کوئی اور راستہ موجود نہیں۔وزارت داخلہ نے انکشاف کیا کہ شدت پسندانہ نظریات اور جھوٹی معلومات کی تشہیر کیلئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے، چند شر پسند عناصر کی جانب سے امن و امان کو نقصان پہنچانے اور عدم استحکام کو فروغ دینے کیلئے ایکس کو بطور آلہ استعمال کیا جا رہا ہے۔

ایکس کی بندش کا مقصد آزادی اظہار رائے یا معلومات تک رسائی پر قدغن لگانا نہیں ہے۔وزارت داخلہ نے دلیل دی کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر دنیا بھر میں مختلف ممالک کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی عائد کی جاتی ہے،ایکس کی بندش کیخلاف درخواستوں کو خارج کردیا جائے۔