الخدمت فائونڈیشن کے تحت پاکستان میں زیر تعلیم فلسطینی طلبہ کے اعزاز میں ظہرانہ

فلسطینی طلبا نے الخدمت اور پاکستانی عوام کا غزہ میں مسلسل تعاون اور امدادی سرگرمیوں پر شکریہ ادا کیا

جمعرات 18 اپریل 2024 18:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) الخدمت فائونڈیشن پاکستان نے فلسطینی مظلوم عوام سے اظہاریکجہتی کے لئے پاکستان میں زیر تعلیم فلسطینی طلبہ کے اعزاز میں ظہرانے کااہتمام کیا، مرکزی سیکرٹری جنرل سیدوقاص جعفری نے پاکستان میں زیرتعلیم فلسطینی طلبہ کااستقبال کیا اورتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ الخدمت فائونڈیشن گزشتہ 190 دنوں سے غزہ میں امدادی سامان کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے۔

الخدمت،پاکستان اور مصرمیں زیرتعلیم غزہ کے طلبہ وطالبات کی دیکھ بھال اور انہیں مالی امداد کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

الخدمت فائونڈیشن نے غزہ ریلیف کی دیگرسرگرمیوں کے ساتھ ان طلبہ کیلئے بھی بجٹ کی منظوری دی ہے پاکستان میں موجود طلبہ کو اسکالرشپ اور مالی امدادفراہم کی جاچکی ہے جبکہ مصرکے مختلف علاقوں میں رہائش پذیرغزہ کے فلسطینی طلبا کے لئے اسکالرشپ اورمالی امداد کی فراہمی کاعمل جلد مکمل کرلیاجائے گا۔ فلسطینی طلبا نے الخدمت اور پاکستانی عوام کا غزہ میں مسلسل تعاون اور امدادی سرگرمیوں پر شکریہ ادا کیا۔ نائب صدر الخدمت سید احسان اللہ وقاص، ایم ڈی الخدمت گلوبل شاہد اقبال اور سماجی کارکنوں اور سول سوسائٹی کے اراکین کی بڑی تعداد تقریب میں شریک ہوئی۔