یوایم ٹی میں لبرل آرٹس پر تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد

جمعرات 18 اپریل 2024 19:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) کے سکول آف لبرل آرٹس کے تحت تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کا موضوع "علمیات محیط: بے زبانوں کو زبان دینا "تھا۔ کانفرنس کا مقصد پاکستان میں پسماندہ علمی علوم کی ادبی اور لسانی نمائندگی پر روشنی ڈالنا اور اسکو فروغ دینا ہے۔

کانفرنس کا انعقاد پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز، آکسفورڈ یونیورسٹی پریس، ڈیجیٹل فوک وزڈم پروجیکٹ اور الکتاب کے باہمی اشتراک سے کیا گیا جو کہ علمی تبادلے کو فروغ دینے کی اجتماعی کوششوں کی نشاندہی کرتا ہے۔ کانفرنس میں 60سے زائد تحقیقی مقالے بھی پیش کیے گئے۔ لبرل آرٹس سے متعلق چیلنجز کا حل تلاش کرنے کے لیے پینل ڈسکشنز کا بھی اہتمام کیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل پاکستان اکیڈمی آف لیٹرز سلطان ایم نواز ناصر نے اسلام آباد سے بطور مہمان خصوصی کانفرنس میں شرکت کی جبکہ قومی اور بین الاقوامی مقررین میں ڈاکٹر کلیئر پاممنٹ،ڈاکٹر صلاح حسن، منیزہ شمسی، پروفیسر ڈاکٹرسفیر اعوان، ڈاکٹر منزہ یعقوب، پروفیسر ڈاکٹر تیمور کیانی، ڈاکٹر محمد حسن ظفر، ڈاکٹر محمد شیراز دستی، ڈاکٹر محمد عبداللہ، ڈاکٹر سونیا ارم سمیت دیگر ریسرچرز، ماہرین، سکالرزاور طلبا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ریکٹر یو ایم ٹی پروفیسر ڈاکٹر آصف رضا نے تمام مہمانوں اور مقررین کو کانفرنس میں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کانفرنس کا مقصد طلبا میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔ اس کانفرنس جیسے پلیٹ فارمز لبرل آرٹس کو درپیش چیلنجز کا بہترین حل تلاش کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر آصف رضا اور ڈاکٹر نادیہ انور نے مہمان مقررین اور شرکا کو سووینئرز بھی پیش کیے۔