فیصل آباد،ستیانہ روڈ پر جھال چوک پل کے نیچے تیز رفتار ویگن موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی

جمعرات 18 اپریل 2024 20:17

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2024ء) ستیانہ روڈ پر جھال چوک پل کے نیچے تیز رفتار ویگن موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی، متعدد مسافر بری طرح زخمی ہو گئے، ریسکیو 1122 کی ٹیم نے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا جن میں 3مسافروں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

آن لا ئن کے مطابق مسافر ہائی ایس ویگن نمبری MNS-1294 سمندری سے فیصل آباد آ رہی تھی جب وہ جھال چوک پل کے نیچے پہنچی تو تیز رفتاری کے باعث موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور سے بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی، جس میں سوار 50سالہ نبیلہ یاسمین زوجہ عاشق علی سکنہ 468 گ ب‘ 33سالہ احسان الٰہی ولد الله رکھا‘ 42سالہ شریف خان ولد محمد خان‘ 22سالہ ارسلان ولد سلطان ساکنان 469 گ ب‘ 23سالہ میمونہ زوجہ وسیم‘ 63سالہ بشیراں بی بی زوجہ عارف سکنہ 576 گ ب اور 60سالہ گلزار احمد ولد نذیر احمد سکنہ 257 رب جہانگیر والا اور دیگر بری طرح زخمی ہو گئے۔

حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر مسافروں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال پہنچایا، جہاں پر تین مسافروں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔