سید ذوالفقار شاہ سے اقوام متحدہ کی تعلیمی سائنسی اور ثقافتی تنظیم یونیسکو کے دو رکنی وفد کی ملاقات

وفد نے سید ذوالفقار علی شاہ جو بطور وزیر ثقافت، سیاحت، نوادرات و آرکائیوز کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی

جمعرات 18 اپریل 2024 21:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت، نوادرات و آرکائیوز سندھ سید ذوالفقار علی شاہ سے اقوام متحدہ کی تعلیمی سائنسی اور ثقافتی تنظیم یونیسکو کے دو رکنی وفد کی ملاقات،وفد میں اٹلی سے تعلق رکھنے والی معروف آرکیالوجسٹ ڈاکٹر کرسٹینا اور جواد شامل تھے ۔ملاقات میں سیکریٹری ثقافت و سیاحت خالد چاچڑ، ایم ڈی ٹورازم فیاض شاہ، ڈائریکٹر آرکیالوجی عبدالفتاح شیخ و دیگر موجود تھے ۔

وفد کی سید ذوالفقار علی شاہ جو بطور وزیر ثقافت، سیاحت، نوادرات و آرکائیوز کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔ملاقات میں عالمی ورثہ قرار دیے گئے مکلی کے تاریخی مقبروں کی ہنگامی تحفظ پراجیکٹ پر بات چیت ہو ئی ۔ ڈاکٹر کرسٹینا نے کہا کہ دنیا میں عالمی ورثے قرار دیگر ورثوں کی طرح مکلی کے مقبرے بھی ایک خاص اہمیت کے حامل ہیں۔

(جاری ہے)

سندھ قدیم و تاریخی ورثوں نے اپنی تہزیب و ثقافت اور مساوات کی بدولت پوری دنیا کی توجہ سمیٹی ہے،سندھ کے تاریخی ورثوں سے کسی قسم کے ہتھیار کی برآمدگی نہ ہونا معاشرتی طور پر انکے امن پسند ہونے کی دلیل ہے۔

صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت، نوادرات و آرکائیوز سندھ سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ یونیسکو کے تعاون سے جلد مکلی مقبروں اور موہن جو دڑو کے تاریخی مقامات کے فوری تحفظ پراجیکٹ پر کام شروع کردیا جائے گا۔یونیسکو کے تعاون سے ہی بھنبھور کے انڈر واٹر ہیریٹیج ایکسپلوریشن پراجیکٹ پر بھی کام کا آغاز کردیا جائے گا۔منصوبے پر کام کرنے کے لیے دنیا بھر کے نامور ماہرین کی خدمات بھی لی جائیں گی۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کے مطابق سندھ کے تاریخی مقامات کو دنیا بھر میں اجاگر کیا جائے گا۔صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے وفد کو موہن جو دڑو سے ملنے والے نوادرات کی نقول، اجرک اور سندھی ٹوپی کے تحائف پیش کیے۔