خیبرپختونخوا حکومت امن و امان برقرار رکھنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے ،سردار سربلند جوگیزئی

الیکشن کمیشن ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار پر حملے کا نوٹس لے،سیکرٹری اطلاعات پیپلز پارٹی

جمعرات 18 اپریل 2024 21:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی نے باجوڑ میں پی پی کے رہنما اخندزادہ چٹان پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ خیبرپختونخوا حکومت امن و امان برقرار رکھنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے الیکشن کمیشن ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار پر حملے کا نوٹس لے۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ باجوڑ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 8 پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر اخندزادہ چٹان پر حملہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے ضمنی انتخابات کی مہم کے دوران اخندزادہ چٹان پر حملہ انتہائی تشویش ناک ہے اخندزادہ چٹان پاکستان پیپلزپارٹی کا جیالہ ہے اور جیالے ایسے ہتکھنڈوں سے نہیں ڈرتے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے تمام کارکنان اخندزادہ چٹان کی حفاظت کے لئے دعاگوں ہے۔انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا حکومت امیدواروں کو سیکورٹی فراہم کرنے اور امن و امان برقرار رکھنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے صوبائی حکومت ضمنی انتخابات میں پرامن ماحول کو یقینی بنانے اور امیدواروں کی سیکورٹی کے لیے اقدامات اٹھائے الیکشن کمیشن آف پاکستان باجوڑ میں ضمنی انتخابات میں پیپلزپارٹی کے امیدوار پر حملے کانوٹس لے۔