یو ایس ایڈ کے تعاون سے خیبر پختونخوا میں ترقیاتی اقدامات کی کامیابی بارے کانفرنس کا انعقاد

جمعرات 18 اپریل 2024 22:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) امریکی حکومت اور بین الاقوامی عطیہ دہندگان کے تعاون سے خیبر پختونخوا میں ترقیاتی اقدامات کی کامیابی کے حوالے سے ایک کانفرنس منعقد کی گئی۔ کانفرنس میں اہم شراکت داروں کے علاوہ امریکی قونصل جنرل شانتے مور اور یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر کیٹ سوموونگسری نے بھی شرکت کی۔ یو ایس ایڈ خیبر پختونخوا کی ترقی کے لئے اپنے عزم کو جاری رکھے ہوئے ہے۔

مشن ڈائریکٹر سوم وونگسری نے خیبر پختونخوا کی حکومت اور بین الاقوامی عطیہ دہندگان کے اشتراک سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو سراہا۔ مشن ڈائریکٹر سوم وونگسری نے کانفرنس کے شرکاء سے بات کرتے ہوئے کہاکہ یو ایس ایڈ خیبر پختونخوا کے عوام کی بہتری کے لئے کام کرنے کے لئے پرعزم ہے،صوبے میں بین الاقوامی اور مقامی شراکت داروں کے ساتھ مل کرہم ایک روشن مستقبل کے حصول کے لئے شانہ بشانہ کام کرنےکے لئے کوشاں ہیں ۔

(جاری ہے)

امریکہ نے یو ایس ایڈ کے ذریعے صوبے میں انفراسٹرکچر کے منصوبوں کو فروغ دیا جس سے صوبے کی توانائی پیدا کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوا، گومل زام ڈیم اور گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ جیسے قابل ذکر منصوبوں کے علاوہ تربیلا ڈیم کی پیداواری صلاحیت میں بہتری سے نیشنل گرڈ میں 253 میگاواٹ کا اضافہ ہوا جو توانائی کے شعبے میں خود انحصاری کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

صحت اور تعلیم کے شعبے میں یو ایس ایڈ کے تعاون سے 200 سے زیادہ ہسپتالوں کی بہتری اور بحالی کے لیے کام کیا گیاجس سے 20 لاکھ سے زیادہ لوگ مستفید ہوئے ہیں- یو ایس ایڈ کے تعاون سے صوبے بھر میں 6 لاکھ سے زیادہ بچوں کے لیے تین ملین سے زیادہ کتابیں فراہم کرنے کے علاوہ 8,500 سے زیادہ یونیورسٹیوں کے طلباء کو وظائف سے نوازا۔ یو ایس ایڈ نے 130,000 سے زائد خواتین کو اپنے قومی شناختی کارڈ کے حصول میں سہولت فراہم کی جس سے ووٹر لسٹوں اور حکومتی اعانت کے پروگراموں میں خواتین کی شمولیت کو یقینی بنایا گیا۔

مزید برآں صوبے میں قدرتی آفات سے نمٹنے کی حکمت عملی کا آغاز بھی کیا گیا ہے۔یو ایس ایڈکی ان کوششوں نے نہ صرف صوبہ بھر میں بے شمار لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنایا ہے بلکہ خیبر پختونخوا میں ترقی اور خوشحالی کی بنیاد بھی مضبوط کر دی ہے۔