لاڑکانہ پولیس کی کارروائیاں،مسروقہ اشیاء سمیت منشیات برآمد

جمعرات 18 اپریل 2024 20:40

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے معروف نوجوان فنکار نادر لاشاری کی مسروقہ رقم برآمد کرکے منشیات فروشوں سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرکے مسروقہ موٹر سائیکلیں اور چرس برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق تین روز قبل لاڑکانہ شہر کے تھانہ دڑی کے علاقے حد فل روڈ سے سندھ کے معروف نوجوان فنکار نادر لاشاری سے ملزمان نے موٹر سائیکل، نقدی اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے تھے جس پر لاڑکانہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نقدی برآمد کرکے فنکار نادر لاشاری کے حوالے کردی جبکہ فنکار کی جانب سے لاڑکانہ پولیس کا شکریہ ادا بھی کیا ہے۔

دوسری جانب تعلقہ پولیس نے ہوگن روڈ سے ملزم علی احمد ککرانی کو 2 کلو چرس سمیت اور یونیورسٹی پولیس نے ڈکیتی کی واردات میں روپوش ملزم محمد حسن شر کو گرفتار کرلیا۔دریں اثناء دڑی، ڈوکری اور ائیرپورٹ پولیس نے تین موٹرسائیکلیں برآمد کرکے اصل مالکان کے حوالے کردی ہیں۔پولیس کے مطابق گرفتار تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔