یواے ای میں پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی کی حالیہ بارشوں میں قونصیلٹ جنرل کی مشترکہ کوششوں کی تعریف

جمعرات 18 اپریل 2024 20:40

ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے حالیہ بارشوں میں دبئی میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل کی مشترکہ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی کمیونٹی کی خدمت کے لئے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے، ہم متاثرین کو مکمل امداد فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں ، اپنے راستے میں آنے والے کسی بھی چیلنج پر ملکر قابو پائیں گے۔

جمعرات کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہم نے دبئی ایئرپورٹ پر پھنسے پاکستانیوں پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے اپنے ہم وطن پاکستانیوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تیزی سے کام کیا ہے۔ قونصل جنرل حسین محمد اور ان کی ٹیم کی قیادت میں فیلڈ میں ہیں اور ضرورت مندوں کی مدد کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

دبئی ایئرپورٹ کے دورے کے دوران قونصل جنرل حسین محمد نے پروازوں میں تاخیر کے باعث ایئرپورٹ پر انتظار کرنے والے پاکستانی خاندانوں میں کھانے پینے کی اشیاء، ادویات، بچوں کے لیے دودھ اور دیگر ضروری اشیاء تقسیم کیں۔

انہوں نے متعلقہ ایئرلائنز حکام سے پروازوں کی روانگی میں تیزی لانے اور پھنسے ہوئے مسافروں کو درپیش مسائل کو کم کرنے کے لئے بھی بات کی جو زیادہ تر پاکستان کے شہر کراچی جاتے ہیں۔ قونصل جنرل نے کہا کہ 60 سے زائد مسافروں کو دو مختلف پروازوں کے ذریعے روانہ کررہے ہیں ۔قونصلیٹ جنرل کی ایک اور ٹیم نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑیوں مصباح الحق، عبدالرزاق، عمر گل اور کامران اکمل سے بھی ملاقات کی جو ہیوسٹن جانے والی پرواز میں تاخیر کی وجہ سے دبئی ایئرپورٹ پر انتظار کر رہے تھے۔

دبئی میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل کے کمیونٹی ویلفیئر ونگ نے سوشل سینٹر شارجہ اور پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے ساتھ ملکر مختلف علاقوں میں روزمرہ کی اشیاء تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرنے والی پاکستانی کمیونٹی کو ضروری مدد فراہم کی۔