وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی زیر صدارت محکمہ خوراک کا اجلاس

جمعرات 18 اپریل 2024 21:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت جمعرات کے روز وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں محکمہ خوراک کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمے کے مینڈیٹ ، انتظامی اُمور، گندم کی خریداری، گندم کے دستیاب سٹاک، گندم کی طلب و رسد کے علاوہ فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے مختلف اُمور پر تفصیلی بریفینگ دی گئی۔

صوبائی وزیرخوراک ظاہر شاہ طورو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سید امتیاز حسین شاہ ،وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری خوراک ظریف المانی، سیکرٹری خزانہ عامر سلطان ترین، سیکرٹری صحت محمود اسلم کے علاوہ محکمہ خوراک اور حلال فوڈ اتھارٹی کے متعلقہ حکا م بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے محکمہ خوراک کو آئندہ سیزن کیلئے گندم کی خریداری کاتفصیلی پلان بنا کر کابینہ کی منظوری کیلئے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ گندم کی خریداری کے عمل میں سو فیصد شفافیت کے ساتھ ساتھ خریدی جانے والی گندم کے معیار کو بھی ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے ۔

اُنہوں نے مزید ہدایت کی کہ صوبائی حکومت کے روٹی سستی کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے ،نانبائی اگرحکومتی فیصلے پرمن و عن عمل درآمد جاری رکھتے ہیں تو حکومت ان کو بھی ریلیف دینے پر سنجیدگی سے غور کرے گی ۔ اُنہوں نے کہا کہ تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں ماڈل بازار اور فوڈ سٹریٹس قائم کی جائیں تاکہ شہریوں کو کسی بھی خریداری میں مصنوعی مہنگائی یا مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔