لاہور، دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب میں ضمنی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس

جمعہ 19 اپریل 2024 01:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب لاہور کے دفتر میں صوبہ کے 14 حلقوں میں ضمنی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت قائم مقام صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب جناب سائیں بخش چنڑ نے کی۔ اجلا س میں ایڈیشنل اے آئی جی پولیس شہزادہ سلطان، آسیہ گل سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، طارق نیاز ی ایڈیشنل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، آرمی اور رینجرز کے نمائندگان،جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب عبدالحفیظ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

ترجمان کے مطابق صوبہ پنجاب کے 14حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے 174انتخابی امیدوار حصہ لے رہے ہیں،پریذائیڈنگ اور سینئر پریذائیڈنگ آفیسرز کی ٹریننگ آج20اپریل تک جاری رہے گی،صوبہ میں 14حلقوں پر ضمنی انتخابات کیلئے 41لاکھ 74ہزار 9بیلٹ پیپر ز پرنٹ کئے جا چکے ہیں ،سکیورٹی، ٹرانسپورٹ اور مواصلاتی پلان بھی مرتب کیا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق ضمنی انتخابات سے متعلق شکایات کے ازالے کیلئے صوبائی اور ضلعی سطح پر کنٹرول روم قائم کر دیئے گئے ہیں،مذکورہ حلقوں میں ضابطہ اخلاق کی 4شکایات کا فوری ازالہ کیا جا چکا اور ڈسٹرکٹ مانیٹر نگ افسران اپنے متعلقہ اضلاع میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر کارروائی کر رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق ضمنی انتخابات میں 21لاکھ 77ہزار 187مرد اور 18لاکھ 67ہزار 365 خواتین رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے،اسی طرح 663مردانہ 649زنانہ اور 1289مشترکہ پولنگ اسٹیشنز قائم کئے جائیں گے،سکیورٹی کے فول پروف انتظامات بھی کئے گئے ہیں ،پولنگ ڈے پر پولیس، رینجرز اور آرمی جوان امن و امان برقرار رکھنے کے فرائض سرانجام دیں گے۔ترجمان کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے آج 20اپریل کو فلیگ مارچ کریں گے اور پولنگ کا انعقادکل 21اپریل کو کیا جائے گا۔قائم مقام صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے ضمنی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔