مودی ملکی آئین بدلنے کیلئے چار سو سیٹیں مانگتے پھر رہے ہیں ، سنجے سنگھ

اگر بی جے پی پھر برسراقتدار آئی تو یہ ملکی آئین بدل دے گی، ریزرویشن ختم کر دے گی

جمعہ 19 اپریل 2024 13:21

نئی دلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2024ء) بھارت میں عام آدمی پارٹی کے سینئر رہنما اور پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ نے کہا ہے کہ نریندر مودی ملکی آئین کو بدلنے اور لوگوں کے ووٹنگ کے حق کو چھیننے کیلئے انتخابات میں چار سو سیٹوں کے حصول کی خواہش ظاہر کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سنجے سنگھ نے ایک بیان میں کہا کہ حزب اختلاف کے رہنمائوں اور لوگوں کے ذہنوں میں یہ احساس مسلسل مضبوط ہو رہا کہ اگر بی جے پی پھر برسراقتدار آئی تو یہ ملکی آئین بدل دے گی، ریزرویشن ختم کر دے گی ، کسانوں، نوجوانوں اور خواتین کے حقوق مزید چھین لے گی ۔

انہوںنے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کو آئین میں بالکل یقین نہیں ہے لہذا وہ اسے بدلنا چاہتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب کرنے کیلئے نریندر مودی اور بی جے پی کے دیگر رہنما چار سو سیٹیں مانگتے پھر رہے ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے رہنما نے مزیدکہا کہ اگر بھیم رائو امبیڈکر کے مرتب کر دہ آئین کے ساتھ کوئی چھڑ چھاڑ کرے گا تو ہم اسے ایسا نہیں کرنے دیں گے ۔ انہوںنے دلتوں ، پسماندہ طبقوں اور قبائیلوں کے ساتھ ہر بھارتی شہری کو ہوشیار رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اگر بی جے پی جیت گئی تو وہ آپ سے ووٹ کی طاقت بھی چھین لے گی۔