سرگودھا، مویشیوں کے ازخود انخلا کے لیے 21اپریل کی ڈیڈ لائن دے دی گئی،کمشنر و ایڈمنسٹریٹر ایم سی

جمعہ 19 اپریل 2024 16:04

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) کمشنر سرگودھا و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن محمد اجمل بھٹی نے شہر میں مویشیوں کی موجودگی کا نوٹس لیتے ہوئے مالکان کو از خود انخلاکے لیے 21 اپریل کی ڈیڈ لائن دے دی۔ اُنہوں نے متعلقہ اداروں کو پیر سے بھرپور آپریشن شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔ یہ احکامات انہوں نے میونسپل کارپوریشن میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیے ہیں۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنرکیپٹن(ر) شعیب علی، ایڈیشنل ایس پی ہیڈکوارٹر، ڈائریکٹرجنرل پی ایچ اے، چیف آفیسر ایم سی، چیف آفیسر ضلع کونسل، اسسٹنٹ کمشنرز، ایم او آر اور سی او سول ڈیفنس نے شرکت کی۔ کمشنر نے ریونیو، میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل، پولیس اور پی ایچ اے کے اہلکاروں پر مشتمل پر خصوصی سکواڈز تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے اتوار کی رات سے ہی رحمان پورہ سے آپریشن کا آغاز کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے آپریشن کے دوران ایلیٹ فورس کو ہمراہ رہنے کے احکامات بھی جاری کیے۔ اجلاس میں طے پایا کہ شہر کو مختلف زونز میں تقسیم کرکے ریونیو و دیگر محکموں کے افسران کو ہر زون کا انچارج بنایا جائے گا جس کو متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کی بھی معاونت ہوگی۔ آپریشن کے دوران مویشی بحق سرکار ضبط کرکے بعد ازاں قصابوں کو بلوا کر نیلامی کی جائے گی۔

کمشنر و ایڈمنسٹریٹر نے مویشیوں کے انخلا کے لیے بھرپور مہم شروع کرنے سے قبل شہر میں رکشوں کے ذریعے اور مساجد میں اعلان کروانے کے ساتھ مختلف مقامات پر لگے بل بورڈز پر اس حوالے سے اشتہار لگانے کی بھی ہدایت کی۔ اُنہوں نے شہر میں موجود چارہ جات کی تمام دکانوں کو سیل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو مویشیوں کے انخلا کے حوالے سے اپنا پیغام ریکارڈ کروا کر سوشل اور الیکٹرک میڈیا کے ساتھ کیبل پر اشتہارات دینے کی بھی ہدایت کی۔

کمشنر نے آپریشن میں حصہ لینے والے افسران و فیلڈ سٹاف پر زور دیا کہ وہ کسی بھی دباؤ کو بلائے طاق رکھ کر بلاتقریق آپریشن کریں کیونکہ ریاست ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کو اب مویشیوں سے پاک کیے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ماضی میں اس طرح کے آپریشن ادھورے چھوڑے گئے لیکن اس مرتبہ سو فیصد اہداف کو حاصل کیے بغیر آپریشن نہیں روکا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ از خود شہر سے مویشی باہر لے جائیں بصورت دیگر سخت کارروائی کے لیے تیار رہیں۔

متعلقہ عنوان :