صدرسے بینکنگ محتسب پاکستان سراج الدین عزیز کی ملاقات ، سالانہ رپورٹ پیش کی

بینکوں کی بدانتظامی کے خلاف بینکنگ محتسب کے کردار اور خدمات بارے آگاہی پیدا کرنا ہوگی ، صدر مملکت

جمعہ 19 اپریل 2024 17:51

صدرسے بینکنگ محتسب پاکستان سراج الدین عزیز کی ملاقات ، سالانہ رپورٹ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2024ء) صدر مملکت آصف علی زرداری سے بینکنگ محتسب پاکستان سراج الدین عزیز نے ملاقات کی جس میں بینکنگ محتسب نے صدر ِمملکت کو ادارے کی سالانہ رپورٹ پیش کی ۔صدر ِمملکت نے بینکنگ صارفین کو 1.26 ارب روپے کا مالی ریلیف فراہم کرنے پر بینکنگ محتسب کی کارکردگی کو سراہا۔ صدر زر داری نے کہاکہ سال 2023 ء میں بینکنگ محتسب کا 25ہزار سے زائد شکایات پر کارروائی کرنا خوش آئند ہے۔

صدر مملکت نے ادارے کے قیام سے لیکر اب تک شکایت کنندگان کو 6.4 ارب کا مجموعی ریلیف دینے پر بھی سراہا۔صدر مملکت نے بینک فراڈ متاثرین کو فوری انصاف کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا ۔ صدر مملکت نے کہاکہ بینکنگ محتسب لوگوں کو بلا قیمت انصاف کی فراہمی، گڈ گورننس کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہا ہے ۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہاکہ شکایات کے جلد ازالے کیلئے جدید ٹیکنالوجی اپنانے کی ضرورت ہے ، بینکوں کی بدانتظامی کے خلاف بینکنگ محتسب کے کردار اور خدمات بارے آگاہی پیدا کرنا ہوگی ۔

صدر مملکت نے کہاکہ بینکنگ محتسب بارے آگاہی سے زیادہ سے زیادہ لوگ خدمات سے مستفید ہوسکیں گے۔ملاقات میں بینکنگ محتسب نے بینک صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے بینکنگ محتسب کے کردار اور کارکردگی پر روشنی ڈالی ۔بینکنگ محتسب نے کہاکہ بینکنگ محتسب نے حال ہی میں آن لائن پورٹل کا صارف دوست نظام متعارف کرایا ہے،آن لائن پورٹل سے شکایت کنندگان کو اپنی شکایات کے اندراج میں آسانی میسر آئے گی۔