پرائیویٹ حج کے حوالے سے بکنگ کا وقت ختم ہونے کی خبر وں میں کوئی صداقت نہیں، سعودی وفد کا پاکستان آنا خوش آ ئند ہے ،طاہر محمود اشرفی

جمعہ 19 اپریل 2024 20:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) چیئرمین پاکستان علما کونسل و پیٹرن انچیف حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن (ہوپ) حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پرائیویٹ حج کے حوالے سے بکنگ کا وقت ختم ہونے کی خبر وں میں کوئی صداقت نہیں، سعودی وفد کا پاکستان آنا خوش آ ئند ہے ،پاکستان امداد نہیں تجارت چاہتا ہے ، آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کے حامی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز یہاں پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پرائیویٹ حج کے حوالے سے بکنگ کا سلسلہ جاری ہے، حکومت سرکاری سطح پر اپنے حجاج کی تعداد مکمل کر چکی ہے البتہ جو پرائیویٹ سکیم کے تحت حج کرنا چاہتے ہیں وہ ابھی تک بکنگ کروا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ جو باتیں گردش کر رہی ہیں کہ پرائیویٹ حج کی بکنگ کا وقت ختم ہو گیا ہے سراسر جھوٹ ہے،ابھی تک حج کی پرائیوٹ بکنگ جاری ہے اور امید ہے کہ سعودی گورنمنٹ کی جانب سے حج درخواستوں میں مزید توسیع کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سعودی عرب کی حکومت سے درخواست کی تھی کی حج کی تربیت کے لیے ملازمین چاہئیں جو انہوں نے ہمیں فراہم کر دیئے ہیں اس پر ہم سعودی حکومت کے بے حدمشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بار 904 کمپنیاں اپنے حجاج لے کر سعوی عرب جائیں گی جبکہ 24 ہزارحجاج جو پرائیویٹ سکیم کے تحت جا رہے ہیں وہ روڈ ٹو سعودیہ کے تحت جائیں گے۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان پر جب بھی کوئی مشکل وقت آیا ہے، سعود ی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے،سعودی وفد پاکستان کے دورہ پر آیا جو کہ ایک خوش آ ئند بات ہے ،سعودی عرب کے تعاون سے پاکستان میں معاشی استحکام بھی آئے گا، سعودی وفد کی پاکستان آمد کا مقصد پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا ہے جس سے پاکستان کی معیشت مستحکم ہو گی کیونکہ ہم امداد نہیں بلکہ تجارت چا ہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا بہت اچھا دوست ہے ، اس نے کبھی بھی پاکستان کے اندرونی سیاسی معاملات میں مداخلت نہیں کی، لہذا گزارش ہے کہ سعودی عرب کے بارے میں غلط افواہیں نہ پھیلائی جائیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فلسطین کے حوالے سے پاکستان کا موقف واضح ہے کہ ہم کبھی بھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے ، پاکستان کی حکومت اور عوام اپنے فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، فلسطینیوں کے ساتھ کل بھی تھے اور آج بھی ہیں، پاکستان فلسطینیوں پر اسرائیلیوں کی بربریت کی پر زور مذمت کرتا ہے ، غزہ کے مظلوم مسلمانوں پر ظلم و ستم بند ہونا چاہیے۔