Live Updates

پائیدار ترقی کیلئے ہر شعبے میں اصلاحات کا عمل شروع کیا جارہا ہے ‘ چوہدری شافع حسین

جمعہ 19 اپریل 2024 22:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2024ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے پاکستان مسلم لیگ لاہور کے جنرل سیکرٹری محمد ندیم پہلوان نے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی خصوصاً پارٹی امور ، ایس ایم ایز کی ترقی اور عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت عوام کے مسائل کے حل کیلئے دن رات کوشاں ہے ،ہر شعبے میں اصلاحات کا عمل شروع کیا جارہا ہے جس سے پائیدار ترقی کا حصول ممکن ہو سکے گا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ روٹی کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے محکمہ صنعت و تجارت بھرپور طریقے سے متحرک ہے ، حکومت پر عزم ہے کہ حکومتی اقدامات کے نتائج حاصل کرنے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایس ایم ایز کی ترقی کیلئے بھی جلد اہم اعلان کرنے جارہی ہے۔ محمد ندیم پہلوان نے کہا کہ امید ہے کہ چوہدری شافع حسین کی قیادت میں محکمہ صنعت و تجارت چھوٹے کاروبار کرنے والوں کے لئے سہولیات مہیا کرے گا ، ہم سب کا یہی عزم ہے کہ صوبہ ترقی کرے اور عوام خوشحال ہوں۔ انہوں نے چوہدری شافع حسین کو پارٹی کی سر گرمیوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا اور ان سے رہنمائی حاصل کی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات