قتل کی واردات کے بعد بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کرنے والا ملزم ائیر پورٹ سے گرفتار

اشتہاری مجرم اکرام نصیر نے 2022 میں تھانہ کنجاہ گجرات کی حدود میں شہری کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا

جمعہ 19 اپریل 2024 22:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2024ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا اے کیٹیگری اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کیلئے کریک ڈائون جاری ہے جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس نے ایک اور بروقت کاروائی کرتے ہوئے قتل کی واردات کے بعد بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کرنے والا ملزم کو ائیر پورٹ سے گرفتار کرلیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق اشتہاری مجرم اکرام نصیر نے 2022 میں تھانہ کنجاہ گجرات کی حدود میں شہری کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا، سپیشل آپریشن سیل گوجرانوالہ کی ٹیم گذشتہ دو برس سے اشتہاری اکرام نصیر کی گرفتاری کیلئے سرگرم عمل تھی اور مجرم اکرام نصیر کا نام ائیر پورٹ پر واچ لسٹ میں بھی شامل کروا رکھا تھا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ مجرم کو آج صبح ائیر پورٹ سے بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کے موقع پر گرفتار کر لیا گیا، سپیشل آپریشن سیل کی ٹیم نے اشتہاری اکرام نصیر کو حراست میں لے لیا، مزید قانونی کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں برس بیرون ممالک سے 28 خطرناک اشتہاریوں کو گرفتار کرکے وطن واپس لا چکی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے خطرناک اشتہاری کو ائیر پورٹ سے گرفتار کرنے پر پولیس ٹیم کو شاباش دی ۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ قانونی کاروائی مکمل کرتے ہوئے ملزم کو قرار واقعی سزادلوائی جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ سنگین وارداتوں کے بعد بیرون ملک مفرور ہونے والے ملزمان کو ایف آئی اے اور انٹرپول کے ساتھ موثر کوارڈی نیشن سے گرفتار کرکے پاکستان واپس لایا جائے ۔