قازقستان کے سفیر کی اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات، دوطر فہ تعلقات پر گفتگو

جمعہ 19 اپریل 2024 22:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2024ء) اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان قازقستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،پاکستان کی پارلیمان قازقستان کی پارلیمان کے ساتھ روابطوں کو وسعت دینے کے لیے پر عزم ہے، دونوں ممالک اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر یکساں موقف کے حامل ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قازقستان کے سفیر یرڑان کستافین سے ملاقات کے دوران گفتگو کیا جنہوں نے جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں اسپیکر سے ملاقات کی۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے پارلیمانی تعاون کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان رابطوں میں اضافہ کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دونوں برادر ممالک کو مزید قریب لانے کے لیے قومی اسمبلی آف پاکستان میں پاک قازقستان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کو مکمل طور پر فعال کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے مابین عوامی سطح پر رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔ سپیکر نے توانائی، زراعت اور دیگر اقتصادی شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقعوں کے امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے باہمی مفادات کے لیے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان رابطوں میں اضافے کی تجویز پیش کی۔

قازقستان کے سفیر یرڑان کِستافن نے سردار ایاز صادق کو تیسری بار اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور پارلیمانی روابطوں کو فروغ دینے سے متعلق اسپیکر کی تجویز سے اتفاق کیا۔