Live Updates

ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ کے قیدیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کام کا آغاز

جمعہ 19 اپریل 2024 20:20

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق ڈسٹرکٹ پریزن ہیلتھ کونسل سیالکوٹ نے ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ کے قیدیوں اور اسیران کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کام کا آغاز کردیا ہے جس کے تحت جیل کے قیدیوں کو بلا تعطل 24 گھنٹے طبی سہولیات کیلئے میڈیکل/ پیرا میڈیکل اسٹاف اور ایس او پیز کے مطابق تمام ضروری ادویات کی دستیابی کے علاوہ جیل میں قائم لیبارٹری سمیت ایکسرے اور دیگر تشخیصی آلات کو فعال بنایا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے آج کانفرنس روم میں ڈسٹرکٹ پریزن ہیلتھ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈسٹرکٹ سپرنٹینڈنٹ جیل بابر علی، ڈی سی او ڈاکٹر وسیم مرزا ، ایڈیشنل پرنسپل میڈیکل آفیسر علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر شکیل احمد اور جیل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عدیل محمود بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے کہا کہ نئے قیدیوں کو جیل میں داخل ہونے کے فورا بعد ان کی ہیلتھ اسکریننگ اور ڈرگ ٹیسٹ بھی کروایا جائے۔

انہوں نے گورنمنٹ علامہ میموریل ٹیچنگ ہسپتال کے نمائندہ کو ہدایت کی کہ وہ آنکھوں، گائناکالوجسٹ، کارڈیالوجسٹ، سرجن اور ماہر نفسیات کو ڈیوٹی روسٹر بھی جاری کریں جیل کی ڈیمانڈ کے مطابق متعلقہ معالجین کے وزٹ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ ایمرجینسی کے صورت میں ریسکیو1122 کی جانب سے ایمبولینس سروس فراہم کی جائے گی اور اس ضمن میں جیل اور ریسکیو ڈیپارٹمنٹ کے مابین معاہدہ بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قیدیوں کو فراہم کی جانے والے طبی سہولیات کی بابت ماہانہ رپورٹ اور سفارشات حکومت پنجاب کو بھجوائی جائیں گی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات