وزیراعظم کابلوچستان اور صوبہ خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں سے جانی و مالی نقصان پر شدید افسوس اور رنج کا اظہار

وفاقی حکومت بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے اور امدادی کارروائیوں میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی ، شہاز شریف

جمعہ 19 اپریل 2024 21:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2024ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صوبہ بلوچستان اور صوبہ خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں سے جانی و مالی نقصان پر شدید افسوس اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے اور امدادی کارروائیوں میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی ۔

وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے بارشوں کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی بلندی درجات کی دعا اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے بارشوں کے نتیجے میں پیش آئے مختلف حادثات میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے ۔ وزیراعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کو متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ۔

وزیر اعظم نے کہاکہ وفاقی حکومت بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے اور امدادی کارروائیوں میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی ۔وزیراعظم نے کہاکہ متاثرین تک امداد کی فراہمی میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے ،بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند سڑکیں اور راستے کھولنے کا کام تیز تر کیا جائے۔