صوبائی حکومت نے ضمنی انتخابات کے پر امن ماحول میں انعقاد اور اس کی شفایت کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی،بیرسٹر سیف

جمعہ 19 اپریل 2024 22:25

ں پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2024ء) وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے ضمنی انتخابات کے پر امن ماحول میں انعقاد اور اس کی شفایت کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔اس سلسلے میں چھ ہزار پولنگ سٹیشن کیلئے نو ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

صوبائی حکومت عوام کو ایک پرامن ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے پرامن ماحول مہیا کریں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر پختونخوا میں ہونیوالے ضمنی انتخابات کے انعقاد کیلئے صوبائی حکومت کی تیاریوں کے سلسلے میں اپنے دفتر سے جاری ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے کیا۔مشیر اطلاعات نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواکے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بھر پور انداز میں انتخابی عمل میں حصہ لیں اور اپنا ووٹ پی ٹی آئی امیدواروں کے حق میں استعمال کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کی ریاست کو مستحکم کرنا اورحقیقی آزادی کو یقینی بنانا عوام کے ووٹ سے ہی ممکن ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ الیکشن کمیشن اس دفعہ فارم 45کو تبدیل کرکے فارم47 کا رزلٹ اور شکایت کا موقع نہیں دے گا۔ مشیر اطلاعات نے خبر دار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے حکام سے کہا کہ اگر خدانخواستہ ایسا کوئی واقعہ رونما ہوا تو اسکے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

پاکستان تحریک انصاف اور صوبائی حکومت کسی بھی صورت اس قسم کے اقدامات کی اجازت نہیں دے گی۔مشیر اطلاعات نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کے آئین،جموریت و فلاحی نظام کی خاطر اس الیکشن میں ایماندارانہ و دیانتدارانہ طریقے سے اپنے فرائض سرانجام دیں اور کسی پارٹی کی پشت پناہی اور سرپرستی سے اجتناب کریں۔انہوں نے الیکشن کمیشن کو متنبہ کرتے ہوئے بتایا کہ اگر خدانخواستہ ایسا کوئی واقعہ ہوتا ہے تو اسکے نتائج ریاست پاکستان اور پاکستانی عوام کیلئے بہت سنگین ہوں گے۔