ضمنی الیکشن کے دوران دفعہ 144 کا نفاذ عدالت میں چیلنج

دفعہ 144 کا نفاذ الیکشن کے صاف شفاف ہونے پر سوالیہ نشان ہے، عدالت دفعہ 144 کو حتم کرنے کے حکم دے، عدالت فریقین کو پابند کرے کہ آئندہ کبھی الیکشن میں دفعہ 144 کے نفاذ نہ کیا جائے۔ لاہور ہائیکورٹ سے استدعا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 20 اپریل 2024 11:20

ضمنی الیکشن کے دوران دفعہ 144 کا نفاذ عدالت میں چیلنج
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اپریل 2024ء ) ضمنی الیکشن کے دوران دفعہ 144 کے نفاذ کو لاہورر ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق درخواست میں الیکشن کمیشن آف پاکستان، وفاقی حکومت اور ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست ایڈوکیٹ اظہر صدیق کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں کہا گیا ہے کہ صاف شفاف الیکشن کروانے میں ہوم ڈیپارٹمنٹ کا کوئی تعلق نہیں، جنرل الیکشن میں بھی دفعہ 144 کو نفاذ کیا گیا، دفعہ 144 کا نفاذ الیکشن کے صاف شفاف ہونے پر سوالیہ نشان ہے، اس لیے عدالت دفعہ 144 کو حتم کرنے کے حکم دے، عدالت فریقین کو پابند کرے کہ آئندہ کبھی الیکشن میں دفعہ 144 کے نفاذ نہ کیا جائے۔

دوسری طرف انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عثمان انور نے کہا ہے کہ 14 قومی و صوبائی حلقوں پر منعقدہ ضمنی انتخابات کی سکیورٹی پر 35 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہوں گے، 2599 پولنگ اسٹیشنز میں سے 419 انتہائی حساس جبکہ 1081کوحساس قرار دیا گیا ہے، 40 لاکھ 44 ہزار سے زائد ووٹرز کو حق رائے دہی کے لئے پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کریں گے، 663 مردانہ، 649 زنانہ، 1289 جوائنٹ پولنگ سٹیشنز، الیکشن کمیشن عملے کو بھرپور سکیورٹی دیں گے، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے ، لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جائے گی، جبکہ سنٹرل پولیس آفس، سیف سٹیز اتھارٹی، اضلاع کے کنٹرول اینڈ مانیٹرنگ رومز سے بھی پولنگ کے عمل کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ فورس مکمل پر اعتماد ہے، انشاء اللہ پرامن اور محفوظ ضمنی انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں گے، متعلقہ اداروں کی مشاورت سے الیکشن سکیورٹی، لاجسٹکس، کمیونیکیشن اینڈ ٹرانسپورٹیشن پلان مرتب ہے، امن متاثر کرنے کی دہشت گردوں، ملک دشمن عناصر کی تمام بزدلانہ کوششوں کو ناکام بنا دیں گے، پنجاب کانسٹیبلری، پی ایچ پی، ایلیٹ، ایس پی یو اور ٹریننگ برانچ میں تعینات اہلکار الیکشن سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہونگے، لیڈیز پولنگ اسٹیشنز اور بوتھ پر خواتین پولیس اہلکار فرائض سر انجام دیں گی۔

آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات کے لئے پنجاب پولیس کو رینجرز اور پاک آرمی کی مکمل معاونت حاصل ہے، الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق، دفعہ 144، اسلحہ کی پابندی کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس ہو گا، الیکشن میٹریل کی ترسیل و آمدورفت کیلئے فول پروف انتظامات کئے جائیں، ڈولفن سکواڈ، سپیشل برانچ سمیت تمام فارمیشنز کو الیکشن سکیورٹی کیلئے استعمال کیا جارہا ہے اور امن وامان کی فضا کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا ۔