صوبائی کابینہ کا آئندہ سال سے سرکاری سطح پرباردانہ کی خریداری ختم کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 20 اپریل 2024 20:13

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا دوسرا اجلاس ہفتہ کو یہاں وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا اجلاس میں بلوچستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بار دانہ کی خریداری کے طریقہ کار کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے حسب ضرورت جدید ماحول دوست بیگز خریدنے پر اتفاق ہوا جبکہ صوبائی کابینہ نے آئندہ سال سے سرکاری سطح پر بار دانہ کی خریداری ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کاشتکاروں کو بار دانہ کے بجائے رقم کی ادائیگی کا فیصلہ کیا جس سے کاشتکار نجی مارکیٹ سے خود بیگز خرید سکیں گے اجلاس میں سیکرٹری خوراک صالح بلوچ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ خوراک کے پاس اسوقت 58000 باردانہ دستیاب ہے جبکہ مزید کے لئے ٹینڈر کیا گیا ہے کابینہ نے محکمہ خوراک کو مزید روایتی بار دانہ کی خریداری سے روکتے ہوئے ٹینڈر منسوخ کرنے اور مارکیٹ میں دستیاب معیاری بیگز کی خریداری کی ہدایت کی صوبائی کابینہ نے رواں سال پانچ لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کی منظوری دیتے ہوئے بلوچستان میں گندم کی امدادی قیمت سندھ کے مساوی مقرر کرنے کی منظوری دی یہ فیصلہ قیمتوں میں عدم استحکام کے باعث بلوچستان سے گندم کی اسمگلنگ سندھ کی جانب روکنے کے لئے کیا گیا وزیر اعلٰی بلوچستان نے گندم خریداری میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اراکین اسمبلی پر مشتمل مانیٹرنگ کمیٹی قائم کرنے کی منظوری بھی دی جس میں چیف سیکرٹری کی جانب سے نامزد افسران بھی شامل ہوں گے کمیٹی صوبے بھر میں گندم خریداری کے عمل میں شفافیت اور کمی کوتاہیوں کا جائزہ لے گی اجلاس میں طے پایا کہ گندم کی خریداری صرف منظور شدہ مراکز پر پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر بلا امتیاز ہوگی کابینہ نے بلوچستان پولیس کے شہداء کے لئے پانچ سو ملین روپے کی گرانٹ کی منظوری بھی دی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بار دانہ میں کرپشن کی داستانیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہم نے ضابطگیوں پر مبنی نظام کو بہتر کرکے درست ٹریک پر لانا ہے جس کے لئے پوری نیک نیتی، اور اجتماعی اتفاق رائے سے اقدامات تجویز کرکے اس پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے غلطی ہوسکتی ہے تاہم بارہا دہرایا جانے والا عمل غلطی نہیں دانستہ فعل تصور ہوگا جس کی جوابدہی بہرحال ہر سطح پر ہوگی وزیر اعلٰی نے سیکرٹری خوراک کو ہدایت کی کہ رواں خریداری سیزن میں تمام منظور شدہ مراکز میں بار دانہ کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے بار دانہ ان سینٹرز سے باہر نہیں جانا چاہیے شفافیت پر مبنی تقسیم کو یقینی بنایا جائے جانبداری اور منظور نظری پر مشتمل کوئی بھی عمل ناقابل برداشت ہوگا بہت ہوچکا اب ماضی کی بدعنوانیوں کو ختم کرکے محکمہ خوراک سے کرپشن کا دھبہ صاف کرنا ہوگا وزیر اعلٰی نے کہا کہ گندم کی خریداری حسب ضرورت اور دستیاب گوداموں میں ذخیرہ کرنے کی استعداد کار کے مطابق کی جائے تاکہ غیر محفوظ ذخیروں میں یہ گندم گل سڑ کر ضائع نہ ہوجائے کابینہ اجلاس میں صوبائی وزراء میر ظہور احمد بلیدی، سردار سرفراز چاکر ڈومکی، نوابزادہ طارق خان مگسی، راحیلہ حمید خان درانی، میر صادق عمرانی، سردار فیصل خان جمالی، عاصم کرد گیلو، نور محمد دمڑ، میر شعیب نوشیروانی، سردار عبدالرحمٰن کھیتران، حاجی علی مدد جتک، میر سلیم خان کھوسہ، بخت محمد کاکڑ، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی، مشیر نسیم الرحمٰن، سردار غلام رسول عمرانی نے شرکت کی۔