پی ٹی آئی بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، وقار مہدی

ہفتہ 20 اپریل 2024 22:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری و سابق سینیٹر وقار مہدی نے پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے صدر مملکت آصف علی زرداری کے خطاب کے موقعے پر پی ٹی آئی کی ہلڑبازی اور غیر پارلیمانی حرکات و الفاظ کے استعمال کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں وقار مہدی نے کہا کہ پی ٹی آئی بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔

مشترکہ اجلاس کے دوارن سفارتکاروں کی موجودگی میں پی ٹی آئی کے اراکین پارلیامینٹ نے جو رویہ اختیار کیا، اس سے دنیا کو اچھا پیغام نہیں گیا۔ وقار مہدی کا کہنا تھا کہ احتجاج اپوزیشن کا حق ہے، لیکن اس طرح کے بیہودہ احتجاج کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قانونی طور جمشید دستی اور اقبال خان کے خلاف جو کاروائی کی ہے، وہ درست اقدام ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سیاست میں جس طرح کا گھٹیاپن متعارف کرایا ہے، یہ صرف پی ٹی آئی کا خاصہ ہے، اور اس سے انکی ذہنی گراوٹ کا پتا چلتا ہے۔ وقار مہدی نے کہا کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پی ٹی آئی کی ہلڑبازی کے باوجود جس پرسکون انداز میں پارلیمان سے خطاب اور اپنی مسکراہٹ کے ذریعے احتجاج کے آڑ میں پی ٹی آئی کی ہلڑ بازی کو ایک بار پھر سیاسی طور شکست سے ہمکنار کر دیا ہے۔ سینیٹر وقار مہدی نے صدر آصف علی زرداری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ افہام و تفہیم کے ذریعے ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی، خوشحالی اور اتحاد کے ڈگر پر چلانے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔