جسٹس اشتیاق ابراہیم نے بطور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

ہفتہ 20 اپریل 2024 22:59

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2024ء) جسٹس اشتیاق ابراہیم نے بطور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے ایک پروقار تقریب میں جسٹس اشتیاق ابراہیم سے بطور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ ان کے عہدے کا حلف لے لیا۔ اس موقع پر گورنر حاجی غلام علی نے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم کو نئی زمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

تقریب میں وزیراعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈا پور بھی شریک تھے۔سیکرٹری قانون نے جسٹس اشتیاق ابراہیم کی بطور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ تقرری کا صدارتی اعلامیہ پڑھ کر سنای۔تقریب حلف برداری میں سپریم کورٹ کے معزز ججز صاحبان جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس اطہر من اللہ، اسلام آباد ہائی کورٹ کے معزز ججز صاحبان جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب، جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے خصوصی دعوت پر شرکت کی جبکہ پشاور ہائیکورٹ کے معزز ججز صاحبان جسٹس اعجاز انور، جسٹس سید محمد عتیق شاہ، جسٹس شکیل احمد، جسٹس سید ارشد علی، جسٹس صاحبزادہ اسداللہ، جسٹس محمد نعیم انور، جسٹس وقار احمد، جسٹس کامران حیات میاں خیل، جسٹس اعجاز خان، جسٹس محمد فہیم ولی، جسٹس فضل سبحان، جسٹس شاہد خان اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال، سابق چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس (ر) محمد ابرہیم خان سمیت دیگر سابق ججز صاحبان، پشاور ہائیکورٹ بار کے ممبران اور وکلاء کے علاوہ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، انسپکٹر جنرل پولیس اختر حیات خان، سیکرٹری محکمہ ایڈمنسٹریشن سمیت مختلف محکموں کے انتظامی سربراہان نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب کے اختتام پر چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم نے گورنر خیبرپختونخوا کے ہمراہ تقریب میں شریک تمام مہمانوں سے فرداً فرداً مصاحفہ کیا اور تقریب میں شرکت اور مبارکباد پیش کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔