Live Updates

بشری بی بی کی تمام میڈیکل رپورٹس کلیئر قرار دے دی گئی ہیں، عظمیٰ بخاری

یہ تھا وہ زہر جس کیلئے خیبرپختونخواہ حکومت بھی سولی پر لٹکی ہوئی تھی؟ پی ٹی آئی کی بدقسمتی ہے یہ جو بھی پروپیگنڈہ کرتے خود ہی ایکسپوز ہو جاتے ہیں، وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 20 اپریل 2024 20:40

بشری بی بی کی تمام میڈیکل رپورٹس کلیئر قرار دے دی گئی ہیں، عظمیٰ بخاری
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 اپریل 2024ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ تحریک انصاف نے تین ہفتوں سے زہر کا واویلا مچایا ہوا تھا جبکہ بشریٰ بی بی کی تمام میڈیکل رپورٹس کلیئر قرار دے دی گئی ہیں۔ رپورٹس آنے کے بعد معمولی نوعیت کے گیسٹرو کی تشخیص ہوئی ہے۔ جبکہ موصوفہ نے بلڈ ٹیسٹ کروانے کے لیے خون کے نمونے دینا ہی مناسب نہیں سمجھے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تھا وہ زہر جس کے لیے تین روز سے خیبر پختونخواہ حکومت بھی سولی پر لٹکی ہوئی تھی؟ تحریک انصاف کی بدقسمتی ہے یہ جو بھی پروپگنڈہ کرتے ان کا پروپگنڈہ خود ہی ایکسپوز ہو جاتا ہے۔جھوٹی ہمدردیاں حاصل کرنے کے لیے پروپگنڈے اور مظلومیت کارڈ زیادہ دیر کارآمد ثابت نہیں ہوتے۔ مزید برآں صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری سے سی ای او سی ڈی آر ایس پاکستان اور امریکہ مسٹر ٹوڈ شے نے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران پاکستان خصوصاً پنجاب اور لاہور میں جاری فلاحی کاموں، یتیم بچوں کے لیے ہاؤس آف بلیسنگ، اینمل ویلفئیر سنٹرز سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مسٹر ٹوڈ شے نے جاری فلاحی کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ملاقات میں سربراہ سی ڈی آر ایس لاہور سید محسن، ڈائریکٹر فوزیہ ٹوڈ، محمد فیضان سمیت دیگر نے شرکت کی۔ سی ڈی آر ایس کے پنجاب میں فلاحی کاموں بارے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت نے کہا کہ دکھی انسانیت کی فلاح کے لیے کام کرنا قابل ستائش ہے۔

معاشرے کی ترقی میں انسانیت کی فلاح وبہبود اہم کردار ادا کرتی ہے۔ وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق متوسط طبقے کی مدد کرنا ہے۔ سی ڈی آر ایس کا لاہور شہر میں یتیم بچوں اور بے سہارا خواتین کے لیے سنٹر کھولنا خوش آئند ہے۔ حکومت پنجاب اپنے محدود وسائل میں فلاحی کاموں کے ذریعے دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے بے پناہ کام کر رہی ہے۔ سی ڈی آر ایس کے سی سی او ٹوڈ شے نے بتایا کہ ہم پاکستان میں ابتک 750 سے زائد صاف پانی کے پراجیکٹ مکمل کر چکے ہیں۔ راولپنڈی، کراچی کے بعد لاہور اور اسلام آباد میں یتیم بچوں اور بے سہارا خواتین کے لیے سنٹر کھول رہے ہیں۔
Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات