Live Updates

صوبائی دارالحکومت میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ اتوار کو ہو گی

ہفتہ 20 اپریل 2024 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2024ء) صوبائی دارالحکومت لاہور کے ایک قومی اور چار صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کل (اتوار) کو ہو گی۔ قومی اسمبلی کی ایک نشست کیلئے 9 اور صوبائی اسمبلی کی 4 نشستوں کیلئے کل 67 امیدواران مدمقابل ہوں گے ۔جنرل الیکشن میں این اے 119سے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی خالی کردہ قومی اسمبلی کی ایک نشست کے لیے ضمنی الیکشن میں کل 9 امیدوار میدان میں اتریں گے،جن میں مسلم لیگ( ن) کے علی پرویز ملک ،سنی اتحاد کونسل کے شہزاد فاروق، تحریک لبیک پاکستان کے محمد ظہیر شامل جبکہ 6 آزاد امیدوار شامل ہیں ،قومی اسمبلی کے اس حلقے میں 5 لاکھ 30 ہزار 167ووٹرزکیلئے 338پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں ۔

صوبائی اسمبلی کے 4 حلقوں میں سے پی پی 147 سے کل 11 امیدوار جن میں مسلم لیگ( ن) کے ملک ریاض، سنی اتحاد کونسل کے شاہ رخ جمال، تحریک لبیک پاکستان کے محمد یاسین جبکہ 8 امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن لڑیں گے,پی پی 147میں کل 3 لاکھ 74 ہزار 847 ووٹرز کیلئے 232پولنگ اسٹیشنز ہوں گے ۔

(جاری ہے)

حلقہ پی پی 149سے کل 14 امیدوار جن میں استحکام پاکستان کے شعیب صدیقی، سنی اتحاد کونسل سے ذیشان رشید اور تحریک لبیک کے محمد ظہیر جبکہ 11 امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیں گے،پی پی 149میں کل 3 لاکھ 45 ہزار 448 ووٹرز کیلئے 218پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔

حلقہ پی پی 158سے کل 22 امیدوار قسمت آزمائیں گے،جن میں سنی اتحاد کونسل کے مونس الہی، مسلم لیگ( ن) کے چوہدری محمد نواز اور تحریک لبیک کے محمد منیر اعوان جبکہ 19 امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن لڑیں گے،پی پی 158میں ایک لاکھ 85 ہزار 516ووٹرز کیلئے116 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔ حلقہ پی پی 164 سے کل 20 امیدوار الیکشن میں حصہ لیں گے،جن میں سنی اتحاد کونسل سے محمد یوسف، مسلم لیگ (ن) کے راشد منہاس، تحریک لبیک پاکستان کے مدثر محمود جبکہ 17 امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیں گے،پی پی 164 میں ایک لاکھ 43ہزار395 ووٹرز کیلئے کل 97 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، چاروں صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد مجموعی طور پر 10 لاکھ 94 ہزار 306 ہے-صوبائی دارلحکومت لاہور ہمیشہ سے ہی پنجاب کی سیاست کا مرکزو محور رہا ہے , حالیہ ضمنی انتخابات میں بھی سیاسی گہماگہمی اپنے عروج پر ہے - ضمنی انتخابات کا پنڈال سج چکا ہے'اور نامور سیاسی شخصیات اپنے ووٹ بینک سے اپنی مقبولیت دکھانے کے لیے تیار ہیں جبکہ ووٹرز میں بھی جوش وخروش دیدنی ہے - ضمنی انتخابات کے سلسلے میں صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب آفس میں کنٹرول روم بھی قائم ہے ، ضمنی انتخابات کے سلسلے میں قائم کنٹرول روم الیکشن سے متعلق شکایات کے ازالے کیلئے مکمل فعال ہے، شہری اپنی شکایت درج کروانے کیلئے دئیے گئے نمبر ز 042-99212209, 042-99212620 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات