باجوڑ کے حلقہ این اے 8 اور پی کے 22 میں ضمنی انتخابات کےلیے پولنگ کا آغاز ہوگیا

اتوار 21 اپریل 2024 10:30

باجوڑ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2024ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 8 باجوڑ اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 22 میں ضمنی انتخابات کےلیے پولنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔ان حلقوں میں ووٹرز صبح 8 بجے اپنے اپنے پولنگ سٹیشنوں پر پہنچنا شروع ہو گئے اور اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں. ووٹنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ این اے 8 پر پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار گل ظفر خان اور پی کے 22 پر مبارک زیب خان اور مخالف جماعتوں کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار ریحان زیب کے انتقال کے بعد حلقے میں 8 فروری کو ہونے والے انتخابات ملتوی کر دیے گئے تھے۔ این اے 8 باجوڑ کے لیے کل 366 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں. اس حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 672,591 ہیں۔حلقہ میں 88 پولنگ سٹیشن انتہائی حساس اور 151 حساس قرار دیئے گئے ہیں۔ اسی طرح پی کے 22 کے لیے 91 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں مرد اور خواتین کے 88 مشترکہ پولنگ سٹیشنز شامل ہیں۔الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کے حامی نوجوان ووٹرز کی رہنمائی کے لیے پولنگ سٹیشنوں کے باہر موجود ہیں۔