Live Updates

بابر اعظم ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی 19 سالہ تارِیخ کے دوسرے کامیاب ترین کپتان بن گئے

نیوزی لینڈ کیخلاف مزید 2 ٹی ٹونٹی میچز میں فتوحات انہیں سب سے کامیاب ٹی ٹونٹی کپتان بنا دے گی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 21 اپریل 2024 14:30

بابر اعظم ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی 19 سالہ تارِیخ کے دوسرے کامیاب ..
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 اپریل 2024ء ) بابر اعظم ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی 19 سالہ تارِیخ کے دوسرے کامیاب ترین کپتان بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان نے نیوزی لینڈ کیخلاف ہفتے کے روز ہونے والے راولپنڈی ٹاکرے میں فتح حاصل کر کے ٹیسٹ سٹیٹس رکھنے والے ممالک میں دنیا کے سب سے کامیاب ٹی ٹونٹی کپتان بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی فتح بابر اعظم کی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں بطور کپتان 43ویں فتح تھی۔ انہوں نے بطور کپتان 73 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ 2005ء میں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ کے باقاعدہ آغاز کے بعد سے آج تک کسی ملک کا کپتان اتنی فتوحات حاصل نہیں کر سکا۔ زیادہ فتوحات کی فہرست میں افغانستان کے اصغر افغان اور انگلینڈ کے این مورگن 42،42 فتوحات کے ساتھ تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ کیخلاف مزید 2 ٹی ٹونٹی میچز میں فتوحات انہیں سب سے کامیاب ٹی ٹونٹی کپتان بنا دے گی ، وہ یوگنڈا سے تعلق رکھنے والے برائن مسابا کا ریکارڈ توڑیں گے جنہوں نے بطور کپتان 56 میچز میں 44 فتوحات حاصل کی ہیں۔ اس کے علاوہ بابر اعظم پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے دوسرے کامیاب ترین کپتان بن گئے ہیں ۔ نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرے ٹی ٹونٹی میں کامیابی بابر اعظم کی بطور پاکستانی کپتان 136 میچز میں 79 ویں جیت تھی جس کے ساتھ ہی وہ پاکستان کے دوسرے کامیاب ترین کپتان بن گئے ہیں ۔

پاکستان کے کامیاب ترین کپتان عمران خان ہیں جنہوں نے187 میچز میں 89 کامیابیاں حاصل کررکھی ہیں ۔ وسیم اکرم 78 کامیابوں کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے جب کہ مصباح الحق 77 فتوحات حاصل کرکے چوتھے نمبر پر ہیں ۔ بابر اعظم کی نظریں ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 4000 رنز مکمل کرنے والے پہلے پاکستانی بلے باز بننے کے دہانے پر بھی ہیں۔ اس تاریخی کارنامے کو حاصل کرنے کے لیے انہیں 288 رنز درکار ہیں، بابر اس وقت 3712 رنز سکور کرچکے ہیں ۔

وہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ سکور کرنے والوں کی فہرست میں ویرات کوہلی (4037) اور روہت شرما (3974) سے پیچھے ہیں ۔ انہیں کوہلی کا ریکارڈ توڑنے کے لیے 326 رنز درکار ہیں ۔ اگر بابر اعظم سیریز کے پانچوں میچوں میں حصہ لیتے ہیں تو وہ 76 میچوں کے ساتھ تاریخ میں سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی میں اپنی قوم کی کپتانی کرنے کے ایرون فنچ کے ریکارڈ کو برابر کر دیں گے۔

اس وقت بابر 73 ٹی ٹونٹی مقابلوں میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں۔ بابر بطور ٹی ٹونٹی کپتان ایرون فنچ کا سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ توڑنے کے قریب بھی ہیں ۔ سیریز میں صرف 28 رنز انہیں فنچ کے 2236 رنز سے آگے پہنچا دیں گے جو آسٹریلیا کے T20I کپتان کے طور پر 76 اننگز میں بنائے تھے۔ بابر نے بطور کپتان 65 اننگز میں 2209 رنز بنائے ہیں ۔ کین ولیمسن اس فہرست میں 71 اننگز میں 2125 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات