سود وقرضوں کی معیشت سے نجات کے بغیر ملک ترقی اور عوام مہنگائی سمیت مسائل سے نجات حاصل نہیں کرسکتے،محمد حسین محنتی

حکومت نے 55کھرب قرضے لیکر حکومت نے تمام رکارڈ توڑدیئے ہیں،الخدمت کی انسانیت کے لیے خدمات قابل تحسین ہیں

اتوار 21 اپریل 2024 20:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2024ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سود وقرضوں کی معیشت سے نجات کے بغیر ملک ترقی اور عوام مسائل سے نجات حاصل نہیں کرسکتے، اہل ومخلص قیادت کو موقعہ نہ ملنے کی وجہ سے تیل،گیس،کوئلے اور زراعت سمیت قدرتی دولت سے مالا مال ہونے کے باوجود ملک کا عام آدمی دوقت کی روٹی کے لیے پریشان ،صحت، تعلیم اور صاف پانی جیسے بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہے، الخدمت کی کراچی تا کشمور ملک بھر میں بلاتفریق انسانیت کیلئے خدمات قابل تحسین ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فریدہ ہسپتال گلشن حدید کے دورے کے موقع پر کیا۔ ایم ایس ڈاکٹر ظفر اقبال نے امیر صوبہ کو ہسپتال کی کارکردگی اورمختلف شعبہ جات سے آگاہی دی۔

(جاری ہے)

صوبائی امیرنے مزیدکہا کہ حکومت نے ایک ہفتے کے دوران بنکوں سے 650ارب روپے قرضہ لیکر تمام رکارڈ توڑ دیئے ہیں، ملک میں کمر توڑ مہنگائی بھی اسی کا نتیجہ ہے، بھاری قرضوں کی وجہ سے حکومت کو کل بجٹ کے نصف سے بھی زیادہ سود کی ادائیگی میں ادا کرنے ہونگے اندازہ کریں کہ پھر ملک کیسے چلے گا انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے ایک بار پھر نئے قرض پروگرام کی درخواست کی منظوری قابل تشویش ہے کیونکہ مالیاتی ادارے سے نئے قرضے ملک وقوم کے ساتھ دشمنی اور آزاد وخود مختاری کو گروی رکھنے کے مترادف ہوگا۔