مہنگائی خاتمے کیلئے پنجاب اور وفاق میں وزیروں مشیروں کی فوج ختم کی جائے،غلام علی خان

روٹی کی قیمتیں کم کرانے کے لئے تندوروں پر چھاپوں کے ڈراموں بند کئے جائیں،عوام مرغی کا بائیکاٹ کرنے کی بجائے مہنگائی کے ذمہ دار پچھلے پچاس سال سے اقتدار پر مسلط ٹولے کا بائیکاٹ کریں،صدرپاکستان عوامی تحریک

اتوار 21 اپریل 2024 21:45

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2024ء) پاکستان عوامی تحریک کے صدر امیدوار صوبائی اسمبلی غلام علی خان نے کہا ہے کہ روٹی کی قیمتیں کم کرانے کیلئے تندوروں پر چھاپوں کے ڈراموں کی بجائے، مہنگائی کے خاتمے کے لئے سب سے پہلے پنجاب اور وفاق میں وزیروں مشیروں کی فوج ختم کی جائے،ان کا سوائے عیاشیوں اورمراعات لینے کے علاوہ کوئی کام نہیں ہے،یہ سب قومی خزانے پر بوجھ کے سوا کچھ نہیں ہیں۔

وہ گزشتہ روز عوامی تحریک راولپنڈی کے عہدیداران سے آن لائن اجلاس میں گفتگو کر رہے تھے،اجلاس میں قائم مقام صدر سردار نسیم انجم،جنرل سیکرٹری سعید راجہ،نائب صدر ڈاکٹر بدئع الزماں،ڈپٹی جنرل سیکرٹری راجہ امجد عباسی، فنانس سیکرٹری راجہ خالد محمود، سابق امیدوار برائے قومی اسمبلی محمد ندیم راجہ،سینئر رہنما عوامی تحریک شبیر صادق شامل تھے۔

(جاری ہے)

غلام علی خان نے کہا کہ عوام مرغی کا بائیکاٹ کرنے کی بجائے مہنگائی کے ذمہ دار پچھلے پچاس سال سے اقتدار پر مسلط ٹولے کا بائیکاٹ کریں،روٹی کے ریٹ کم کرنے کے بہانے صرف نان بائیوں کے ساتھ ملی بھگت سے نمائشی دورے، عوامی کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہاکہ صرف روٹی نہیں،پٹرول، سوئی گیس، بجلی، سبزیاں، آٹا، چاول، دالیں،چینی، مرغی اور گوشت اور روز مرہ گھریلو استعمال کی اشیائے صرف کی قیمتیں کم کی جائیں، پنجاب اور وفاق میں وزیروں مشیروں، وزیر اعلیٰ وزیر اعظم سمیت سب کی عیاشیاں بند ہونی چاہئیں،ایک مقروض ملک کے مقروض عوام کے ساتھ مکروہ کھیل نہ کھیلا جائے۔