پاکستان اور ایران نے مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کردیئے

دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب اسلام آباد میں ہوئی

Sajid Ali ساجد علی پیر 22 اپریل 2024 14:49

پاکستان اور ایران نے مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کردیئے
اسلام اباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اپریل 2024ء ) پاکستان اور ایران کی جانب سے مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کردیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب اسلام آباد میں ہوئی، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے تقریب میں شرکت کی، اس دوران دونوں ممالک کے درمیان 8 شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔

بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان جوائنٹ اکنامک فری زون پر توثیق، سویلین معاملات میں عدالتی امور پر ایم او یو پر دستخط ہوئے، پاکستان اور ایران کے درمیان سیکیورٹی تعاون کے سمجھوتے، ویٹرنری اور حیوانات کی صحت سے متعلق معاہدے پر بھی دستخط ہوئے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ایران کے صدر کے دورہ پاکستان کے موقع پر وفاقی کابینہ نے مزید 2 ایم اویوز کی منظوری دیدی، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران نے ورک فورس اور فلم و سنیما میں تعاون کے لیے ایم اویوز کا فیصلہ کیا ہے، وفاقی کابینہ سے سرکولیشن پر الگ الگ سمریوں کی منظوری لے لی گئی، جن کے تحت دونوں ممالک میں ہنر مند افرادی قوت کے تبادلے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، ایم او یوز کے تحت ورکرز کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ تعاون کو فروغ دیا جائے گا، ایم او یوز کے تحت ورکرز ویلفیئر فنڈ کے قیام کا جائزہ لیا جائے گا، ایک دوسرے کے ممالک میں ماہر و فود کی سطح پر دورے کیے جائیں گے، اسی طرح دونوں ممالک میں فلم کے تبادلے اور سنیما کو آپریشن کا ایم ایو یو بھی ہوگا، ایم او یو کے تحت فلم کے لیے جوائنٹ پروڈکشن پراجیکٹس کیے جائیں گے، ایک دوسرے کی فلم انڈسٹری کو سمجھنے کے لیے وفود کا تبادلہ کیا جائے گا، ایم او یوز کے تحت پاکستان اور ایران میں فلم ویکس اور دیگر ثقافتی تقریبات کا انعقاد ہوگا۔

قبل ازیں ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کی وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا، ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی وزیرِاعظم ہاؤس پہنچے تو وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے ایرانی صدر کا استقبال کیا، مسلح افواج کے دستے کی جانب سے ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے مابین نیک خواہشات کا تبادلہ کیاگیا، دونوں رہنماؤں کی ایران پاکستان دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے گفتگو ہوئی، ایرانی صدرڈاکٹر ابراہیم رئیسی نے پاکستان آمد پر پرتپاک استقبال پر وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا جب کہ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ عام انتخابات کے بعد آپ پہلے سربراہِ مملکت ہیں جو پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم آپ کے اس دورے کا خیر مقدم کرتی ہے۔