ایرانی صدر کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے، محمد فاروق چوہدری

ایرانی صدر کے دورہ پاکستان پر پاک ایران تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور ترقی کے نئے باب کھلیں گے،صدر ریسٹورنٹس کیٹرز سویٹس اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے سمیت دیگر منصوبوں پر کام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے،بیان

پیر 22 اپریل 2024 22:33

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2024ء) ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے دورہ پاکستان پر صدر ریسٹورنٹس کیٹرز سویٹس اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن محمد فاروق چوہدری نے کہاہے کہ ایرانی صدر کی پاکستان میں تشریف آوری خوش آئند ہے، ایرانی صدر کے دورہ پاکستان سے پاک ایران تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور ترقی کے نئے باب کھلیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ملک پاکستان میں اس وقت سوئی گیس کی انتہائی قلت ہے جس کو پورا کرنے کیلئے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر کام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے،گیس کی قلت کے باعث نہ صرف گیس کی قیمت انتہائی مہنگی ہے بلکہ ملک پاکستان میں گیس نایاب ہوتی جارہی ہے جس سے فوڈ سیکٹر تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے،گزشتہ کچھ عرصے میں ریسٹورنٹس کیٹرز سویٹس اور بیکری سے منسلک19 ہزار کنکشن کٹ چکے ہیں جوکہ انتہائی تشویشناک ہے، اس لیے حکومت پاکستان اور وزیراعظم شہباز شریف کو پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر ضرور بات کرنی چاہیے اور اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانا چاہیے تاکہ ملک پاکستان میں گیس کی قلت کو پورا کیا جاسکے اور فوڈ سیکٹر جوکہ تباہی کے دہانے پہ کھڑا ہے اس کو اپنے پاؤں پہ کھڑا کیا جاسکے۔