پارلیمنٹ کے تقدس کا خیال رکھنا اجتماعی ذمہ داری ہے، سید نوید قمر

پیر 22 اپریل 2024 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر نے کہا ہے کہ حکومتی اور اپوزیشن ارکان سے مل کر پارلیمنٹ بنتی ہے اس کے تقدس کا خیال رکھنا اجتماعی ذمہ داری ہے، پارلیمنٹ مضبوط ہو گی تو اس پر عوام کا اعتماد بڑھے گا۔

(جاری ہے)

پیر کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر سید نوید قمر نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو سے آج تک ملک کی ساری قیادت نے ایران سمیت ہمسایہ ممالک کے حوالے سے یکساں موقف اختیار کیا، ہم ایرا ن کو اپنا بھائی ملک سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتہائی حالات میں انتہائی اقدامات اٹھانے پڑتے ہیں، ارکان کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پارلیمنٹ کی کارکردگی بہتر بنانی چاہئے، پارلیمنٹ حکومت نہیں بلکہ اپوزیشن اور حکومتی ارکان سے مل کر پارلیمنٹ بنتی ہے، پارلیمنٹ مضبوط ہو گی تو اپوزیشن بھی مضبوط ہو گی ہمیں عوام کا بھی سوچنا چاہئے ،ہمیں مل بیٹھ کر ماحول کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھانے چاہئیں، جس عوام نے ہمیں یہاں بھیجا ہے ہمیں ان کے ساتھ ہمدردی ہونی چاہئے۔