محکمہ موسمیات نے ملک میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی

مغربی ہوائوں کا سلسلہ (کل )سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا

پیر 22 اپریل 2024 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2024ء) محکمہ موسمیات نے ملک میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی، مغربی ہوائوں کا سلسلہ کل ( بدھ ) 24اپریل کو ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ 24سے 27اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا، خیبر پختونخوا میں 25سے 29اپریل کے دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان میں موسلا دھار بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی توقع ہے، اسلام آباد، مری، گلیات، اٹک، چکوال میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، سیالکوٹ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے، بلوچستان میں 24 سے 27 اپریل کے دوران مختلف حصوں میں بارش متوقع ہے۔

کراچی، حیدرآباد، سکھر، جیکب آباد میں 25اور 26 اپریل کے دوران بارش کا امکان ہے، 26سے 29 اپریل کے دوران دیر، سوات، چترال، کوہستان اور دریائے کابل سے ملحقہ علاقوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختوا، کشمیر، مری، گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا اندیشہ ہے، بارش کے باعث درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے۔