Live Updates

بشریٰ بی بی کی تشویشناک حد تک بگڑتی صحت سنجیدگی کی متقاضی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی

ہمیں رات گئے ایمبولینس کی بنی گالہ آمد کی اطلاع تک نہ دی گئی، معلومات کی فراہمی سے گریز کرکے ہماری تشویش میں اضافہ کیا گیا۔ بیرسٹر گوہر خان کا بیان

Sajid Ali ساجد علی منگل 23 اپریل 2024 14:29

بشریٰ بی بی کی تشویشناک حد تک بگڑتی صحت سنجیدگی کی متقاضی ہے، چیئرمین ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کی تشویشناک حد تک بگڑتی صحت سنجیدگی کی متقاضی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ رات گئے ایمبولینس کی بنی گالہ آمد سے متعلق تفصیلات کو مخفی رکھا گیا، ہمیں رات گئے ایمبولینس کی بنی گالہ آمد کی اطلاع تک نہ دی گئی، معلومات کی فراہمی سے گریز کرکے ہماری تشویش میں اضافہ کیا گیا، بشریٰ بی بی کی صحت و سلامتی کی ذمے داری حکام بالا پر عائد ہوتی ہے، سابقہ خاتون اول کی بگڑتی ہوئی صحت تشویشناک ہے اور یہ سنجیدگی کی متقاضی ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اچانک طبیعت خراب ہونے پر بنی گالہ میں طبی معائنہ کیا گیا، رات گئے سابقہ خاتون اول بشریٰ بی بی کو اچانک تیزابیت اور سینے میں تکلیف کی شکایت ہوئی جس کے بعد پمز کی لیڈی ڈاکٹروں نے بنی گالہ میں سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ کا طبی معائنہ کیا، اس دوران ڈاکٹروں کی ٹیم نے کھانے پینے اور لائف اسٹائل میں تبدیلیاں تجویز کیں، بشریٰ بی بی کی معدے اور آنتوں کا مکمل جائزہ لینے کا مشورہ دیا گیا۔

(جاری ہے)

دو روز قبل بشریٰ بی بی کو احتساب عدالت کے حکم پر سب جیل بنی گالہ سے ہسپتال لایا گیا، پولیس نے انہیں چیک کے لیے شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا، جہاں بشریٰ بی بی کے معدے اور خون کا ٹیسٹ لیا گیا، طبی معائنے کے دوران سابق وزیراعظم کی اہلیہ کی انڈو سکوپی کی گئی، انڈو سکوپی کے علاوہ ڈاکٹر کی ہدایات پر بشریٰ بی بی کے دیگر ٹیسٹ بھی ہوئے، اس دوران سابقہ خاتون اول کے ہمراہ ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم اور سرکاری ڈاکٹروں کی ٹیم بھی نجی ہسپتال میں موجود رہی، بشریٰ بی بی کے وکلاء کی ٹیم بھی ہسپتال میں موجود تھی۔
Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات