امریکی سفارتخانہ اور انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز پشاور کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط

منگل 23 اپریل 2024 17:38

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کی منسٹر کونسلر برائے پبلک آفیئرز بیٹینا میلون اور انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز پشاور کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عثمان غنی نے ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے جس کے تحت امریکی سفارتخانہ 2026 تک لنکن کارنر پشاور کی معاونت جاری رکھے گا۔ 2014میں قائم ہونے والا پشاور لنکن کارنر پیشہ ورانہ مہارتوں کی تربیت، انگریزی زبان سیکھنے، ملازمت میں ترقی، اعلیٰ تعلیم کے حُصول کے بارے میں آگہی فراہم کرتا ہے جبکہ یہاں پر امریکہ کی ثقافت اور تاریخ شناسی سے متعلق مختلف پروگراموں کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔

صرف گزشتہ برس کے دوران لنکن کارنر پشاور نے 60 بالمشافہ سرگرمیوں کی میزبانی کی اور لگ بھگ 10 ہزار طالبعلم اِس سہولت سے مستفید ہوئے۔

(جاری ہے)

تقریب کے موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ٹینا میلون نے کہا کہ لنکن کارنرز پاکستان اور امریکہ کے درمیان قائم شراکت داری کا ثبوت ہیں۔ یہ سہولیات مکالمہ کو فروغ دینے، تعلیمی معیار میں بہتری لانے اور خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو بین الاقوامی سطح پر دستیاب وسائل تک رسائی فراہم کرتی ہیں۔

لنکن کارنر پشاور میں ایک کری ایٹرزسٹوڈیو بھی موجود ہےجہاں پوڈکاسٹ کی ریکارڈنگ، ویڈیو گرافی، ایڈیٹنگ اور پروڈکشن کی جدید ترین سہولیات میسر ہیں۔ لنکن کارنرمیں تھری ڈی پرنٹرز اور سٹیم کی سہولیات سے آراستہ میکر اسپیس ٹیکنالوجی بھی موجود ہے۔پاکستان میں امریکی مشن کے اشتراک سے مُلک بھر میں 19 لنکن کارنرز کام کر رہے ہیں، جو دنیا بھر میں 600 سے زیادہ امریکی سپیسز کے نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔ امریکی سفارتخانہ ہی کے زیرانتظام کے پی میں شہید بینظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی میں ایلینار روزویلٹ کارنر بھی قائم ہے۔