Live Updates

وزیر اعلی مریم نواز کی ایران کےصدر ابراہیم رئیسی اور ان کی اہلیہ سے ملاقاتیں،وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا

منگل 23 اپریل 2024 19:29

وزیر اعلی  مریم نواز کی ایران کےصدر ابراہیم رئیسی اور  ان کی اہلیہ سے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے گورنر ہاؤس میں ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور ان کی اہلیہ سے ملاقاتیں کیں اوروفد کے اعزاز میں ظہرانہ میں روایتی دیسی کھانوں سے تواضع کی گئی ۔ وزیر اعلی مریم نواز نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی، ان کی اہلیہ جمیلہ علم الہدی کا لاہور آمد پر شکریہ ادا کیا۔

ایرانی صدر اور دیگر وفد کو لاہور میں خوش آمدید کہا اور اسلامی انقلاب کی45ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔ وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ پاک ایران دوستی کی تاریخ عشروں پر محیط ہے۔ایران کے ساتھ غربت کے خاتمے کیلئے اقتصادی منصوبوں پر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ صنعتی، زرعی ترقی کیلئے دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب کی ویلیو ایڈڈ لائیو سٹاک مارکیٹ میں ایران کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ایف ایم ڈی زونز کے قیام اور حلال گوشت کی برآمد سے دونوں ممالک کثیر زرمبادلہ حاصل کر سکتے ہیں۔ پنجاب میں ماحول دوست گرین انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران کے عوام کی خوشحالی اور امن و سکون کیلئے دعاگو ہوں۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ان کی اہلیہ جمیلہ علم الہدی نے پرتپاک استقبال پر وزیر اعلی پنجاب کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سینیٹر پرویز رشید، وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری، وزیر خزانہ مجتبی شجاع الرحمن، صوبائی وزیر سیکنڈری ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلیمان رفیق، صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین، صوبائی وزیر انڈسٹریز چوہدری شافع حسین، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، لاہور میں تعینات ایرانی قونصل جنرل مہران مواحدفر اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات