سندھ حکومت جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلا تفریق کاروائی کررہی ہے، تیمور علی مہر

بدھ 24 اپریل 2024 20:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) پیپلز یوتھ آرگنائزیشن سندھ کے سیکرٹری اطلاعات تیمورعلی مہر نے کہا ہے کہ کراچی میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کا مقصد کراچی کے امن کو تباہ کرکے بیرونی سرمایہ کاری کو نقصان پہنچانا ہے مگر عوام ان اوچھے ہتکنڈوں سے واقف ہیں اور کراچی کے امن کے لیے سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں کراچی کے امن کو خراب کرنے والے سازشی عناصرکو ناکام بنادینگے، ان خیالات کااظہارا نہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا، تیمور علی مہر نے کہا کہ کراچی لاوارث نہیں ہے ہم سب اس کے وارث ہیں اور اپنے شہر کی حفاظت کرنا جانتے ہیںیہ شہر بھی ہمارا ہے اور یہاں عوام بھی ہماری ہے، کچھ سیاسی جماعتیں ذاتی مفادات اوراپنی ختم ہوتی سیاست کو بچانے کے لیئے کراچی کا امن تباہ کرنے کی خواہشمند ہیںایسا کرکے وہ سندھ حکومت کی کارکردگی پرسوالیہ نشان لگانا چاہتی ہیں، سندھ میں پیپلزپارٹی کی 15 سال کی حکومت کے دوران شہری اور دیہی علاقوں میں خوب ترقی ہوئی اورامن و امان کی صورتحال مثبت رہی ، امن کے دشمنوں کے خاتمے کے لیئے سندھ حکومت اقدامات کررہی ہے ، انشااللہ جلد اسٹریٹ کرائم اور چھینا جھپٹی کے واقعات پر بھی قابو پالینگے، انہو ں نے کہا کہ سندھ حکومت جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائی کررہی ہے رینجرز اور پولیس دونوں ادارے محترم ہیں کراچی میں امن و امان کے حوالے سے انکی بڑی خدمات ہیں ، پیپلز پارٹی اداروں کا احترام کرنے کے ساتھ ساتھ ملک وقومی مفاد کی خاطر اداروں میں اصلاحات کی حمایت کرتی ہے ، پاک فوج ، رینجرز ، پولیس اور دیگر سیکورٹی ادارے قوم کی حفاظت اور ملکی بقا کے لیئے فرائض انجام دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی صرف پاکستان کا نہیں بلکہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے جس نے پوری دنیا کوبری طرح متاثر کیا ہوا ہے ، پاکستان بھی دہشتگردی کے خاتمے کے لیئے ایک طویل عرصے سے جنگ لڑرہا ہے اور اس جنگ میں ہم نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اب جب ہم دہشتگردی کے ناسور کو کافی حد تک ختم کر چکے ہیں ایسے میں کسی کو بھی امن وامان کی صورتحال خراب نہیں کرنے دیں گے کراچی میں قیام امن کے لیئے ہمارے سیکورٹی اداروں نے لازوال قربانیاں دی ہیں جن کو بھلانا ممکن نہیں ہے۔