موسیقی کے پروگرام کا انعقاد شرمناک، فلسطینیوں کے زخموں پر نمک پاشی ہی: بشارت علی صدیقی

بدھ 24 اپریل 2024 22:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2024ء) صد ر جے آئی یوتھ وسطی پنجاب بشارت علی صدیقی نے پنجاب حکومت کی جانب سے موسیقی کے مقابلے کروانے کے اقدام کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایک جانب اسرائیل غزہ میں معصوم بچوں سمیت خواتین اور نہتے فلسطینیوں کو شہید کر رہا ہے ، مظالم کی انتہا کر دی گئی ہے ۔ پوری امت سوگوار ہے ، دنیا کے مختلف ممالک میں احتجاج کیا جا رہا ہے جبکہ دوسری جانب حکومت پنجاب کی طرف سے ناچ گانے کے پروگرام کا انعقاد شرمناک ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب فوری طور پر اس پروگرام کے انعقاد کو منسوخ کرے ، اگر حکمران فلسطینیوں کے لئے کچھ کر نہیں سکتے تو ان کے زخموں پر نمک پاشی بھی مت کریں ۔ پاکستان کے 25کروڑ عوام کے دل اپنے فلسطینی بھائیوں کے لئے ڈھڑکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اسرائیلی جارحیت کو 200دن مکمل ہو گے مگر تحریک آزادی کو دبانے میں بری طرح ناکام ہو چکا ہے ۔34ہزار سے زائد افراد کو شہید کر دیا گیا ہے 12ہزار بچے اور خواتین بھی شامل ہیں ایک لاکھ سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

غزہ کی 23لاکھ آبادی بھوک و افلاس کا شکار ہو چکی ہے ۔جنگ بندی کے حوالے سے اقوام متحدہ اور عالمی برادری کا رویہ مایوس کن ہے ۔انہوں نے کہاکہ اسرائیل عالمی دہشت گرد ریاست ہے اور اس کے مظالم میں ساتھ دینے والے سب ممالک بھی اسرائیلی دہشت گردی میں برابر کے شریک ہیں۔ اسرائیل، غزہ میں ہسپتالوں، اسکولوں، امدادی سنٹرز پر وحشیانہ بمباری کر رہا ہے، فاسفورس بموں سے فلسطینیوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے، مگر مجال ہے کہ کسی ایک ملک نے بھی اسرائیل کے اس اقدام کے خلاف سخت ایکشن لیا ہو۔

بشارت علی صدیقی نے مزید کہا کہ مسلم ممالک مذمتی بیانات سے آگے بڑھیں اور عملی اقدامات کریں۔ کفار ہمارے فلسطینی بھائیوں کا قتل عام، خواتین کی بے حرمتی اور بچوں یتیم کر رہے ہیں۔ غزہ شہر کو ملبہ کا ڈھیر بنادیا گیا۔ غزہ پر مسلسل اسرائیلی وحشیانہ بمباری سے روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں افراد کی شہادت عالمی برادری بالخصوص مسلم ممالک، اقوام متحدہ سمیت امن کے علمبردار ممالک کی بے حسی اور بے چارگی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست ہی مشرق وسطیٰ میں امن کی ضامن ہے ۔ اقوام متحدہ خاموش تماشی بننے کی بجائے اپنی ذمہ داری ادا کرے ۔