ملک میں یکم مئی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان

پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 75 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 85 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 24 اپریل 2024 21:06

ملک میں یکم مئی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 اپریل 2024ء) ملک میں یکم مئی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کردیا گیا ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر کی جائے گی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اوگرا کی جانب سے حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی سفارش کئے جانے کا امکان ہے۔

بتایا گیا ہے کہ عالمی سطح پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں گزشتہ 15دنوں میں کمی آئی ہے، جس کے باعث یکم مئی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت ایک روپے 86 ڈالر کمی سے 107 روپے 16 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے، اسی طرح ڈیزل کی قیمت 4 روپے 3 ڈالر کمی سے 104 روپے 76 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

جس کے باعث پاکستان میں یکم مئی سے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 75 پیسے فی لیٹراور ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 85 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ہے، حکومت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت کا حتمی اعلان 30 اپریل کو کرے گی۔

دوسری جانب پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بدھ کو کاروبار میں تیزی کا نیا ریکارڈ قائم ہوا اور انڈکس 692.49 پوائنٹس(0.97) کے اضافہ کے بعد 72051.89 پوائنٹس پربندہوا۔ کاروباری سرگرمیوں کے دوران ایک مرحلہ پرانڈکس ایک ہزار 54 پوائنٹس کے اضافہ کے بعد 72414 پوائنٹس کی بلندترین سطح پر پہنچا تاہم کاروبارکے اختتام پر انڈکس 72051.89 پوائنٹس پر بندہوا۔ گزشتہ روز مجموعی طورپر59 کروڑ، 94 لاکھ، 16 سو 43 حصص کالین دین ہوا جن کی مالیت 24.55 ارب روپے تھی، کاروباری سرگرمیوں کے دوران 380 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا، 216 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 139 کی قیمتوں میں کمی اور 25 کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا۔

کے ایس ای 30 انڈکس 240.96 پوائنٹس کے اضافہ کے بعد 23807.81 پوائنٹس پربندہوا جبکہ فیوچرٹریڈنگ کے تحت 11.89 ارب روپے کے سودے ہوئے۔گزشتہ روزپاکستان انٹرنیشنل بلک ٹرمینل کے 54513000 حصص، کے الیکٹرک کے 40123957 حصص، ائیرلنک کمیونیکیشن کے 25939673 حصص، ورلڈ ٹیلی کام لمیٹڈ کے 24114567 حصص اورٹیلی کام لمیٹڈ کے 17620891 حصص کالین دین ہوا۔