جییوآئی کو اسلامی دنیا کی آواز بننے پر عتاب کا نشانہ بنایا گیا ،علامہ راشد محمود سومرو

مغربی استعمار کے خلاف مولانا فضل الرحمان کے عوامی جلسے انہیں ہضم نہیں ہورہے ، دو مئی کو کراچی کی عوامی اسمبلی ملکی سیاست میں نئی سمت کا تعین کرے گی

بدھ 24 اپریل 2024 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) جمعیت علما اسلام صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ وطن عزیز میں آئین کی بالادستی کو کمزور کیا جارہا ہے ، عوامی رائے دہی کو دھونس دھاندلی اور دولت کی ریل پیل سے تبدیل کیا جارہاہے ، 2 مئی کی عوامی اسمبلی قومی سیاست کے نئے کا تعین کرے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عبداللہ گبول گوٹھ میں پی ایس 116 کے زیر اہتمام جنرل کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر جییوآئی کے مرکزی ترجمان محمد اسلم غوری ،صوبائی نائب امیر مولانا عبدالکریم عابد ، مولانا ڈاکٹر نصیر الدین سواتی ،صوبائی ناظم مالیات مولانا محمد غیاث ، ضلعی امیر مفتی محمد خالد ، سیکریٹری جنرل انجینئر محمد سلیم ، جییوآئی پی ایس 116 کے امیر سمیع الحق سواتی، سیکریٹری جنرل محمد شریف گبول،قاری طلحہ زبیر سواتی ، مولانا بختیار کاکڑ ،ضلعی سالار حافظ فیروز حسن زئی ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

جے یوآئی سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم امریکی غلامی کا انکار کرتے ہیں ، فلسطین کے مظلوم عوام کی آواز بنتے ہیں تو ہمارا راستہ روکا جاتا ہے ، دو مئی کو کراچی میں جمعی علما اسلام ایک نئی تاریخ رقم کرے گی ، ختم نبوت قانون کیخلاف سازشوں ، الیکشن میں بدترین دھاندلی ، پورے صوبے میں ڈاکو راج ، اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی آواز بننے کیلئے ہم ہر اول دستہ بنیں گے ۔

ان کا کہنا تھا کہ جمعی علما اسلام کا سندھ میں مینڈیٹ چھینا گیا ، کچے اور پکے کے ڈاکو آپس میں اتحادی ہیں ایک دوسرے کو کندھا فراہم کرنے والے دونوں جرائم پیشہ عناصر ہیں ہم ان کا تعاقب کرتے رہیں گے ۔ جمعیت علما اسلام کے کارکنان کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی جنہوں نے دو مئی کو کراچی کی عوامی اسمبلی میں بھرپور شرکت کی یقینی دہانی کروائی ۔اجلاس میں پی ایس 116 کے سینئر نائب امیر مولانا عبدالرحمن ترندی کی صحت یابی کیلئے دعا بھی کی گئی۔