Live Updates

پولیس وردی پہننے پر مریم نواز کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر

قانون کے تحت کوئی بھی عام شخص ریاستی اداروں کی وردی نہیں پہن سکتا‘ پولیس کو مقدمے کی درخواست دی مگر کارروائی نہیں ہوئی‘ عدالت مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔ پٹیشن میں استدعا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 25 اپریل 2024 13:49

پولیس وردی پہننے پر مریم نواز کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 اپریل 2024ء ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کیخلاف پولیس وردی پہننے پر مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کی وردی پہننے پر وزیراعلیٰ مریم نواز کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست لاہور کی سیشن کورٹ میں دائر کی گئی ہے، یہ درخواست آفتاب باجوہ ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مریم نواز نے پولیس آفیشل کی وردی پہنی جب کہ قانون کے تحت کوئی بھی غیر متعلقہ شخص ریاستی اداروں کی وردی نہیں پہن سکتا، پولیس کو مریم نواز کے خلاف درخواست دی مگر کارروائی نہیں ہوئی، عدالت پولیس کی وردی پہننے پر مریم نواز کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔

بتایا جارہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پولیس ٹریننگ سینٹر چوہنگ میں خواتین اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پولیس کی وردی میں پریڈ کا معائنہ کیا، پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعلی مریم نواز کی آئی جی پنجاب کے ہمراہ پولیس یونیفارم میں تصویر پر ردعمل دیا، پی ٹی آئی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پچھلے سوا سال میں پنجاب بھر میں ن لیگ اور اسٹیبلشمنٹ کے لندن پلان کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے "پنجاب پُلس" اور آئی جی نے گھٹیا ترین کردار ادا کیا، ہزاروں کارکن گرفتار کیے گئے، سینکڑوں زخمی کیے گئے، لوگوں کے گھر توڑے گئے، چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، غیرقانونی ریڈ اور اغوا برائے بیان کو بطور سیاسی ہتھیار استعمال کیا گیا، اس لیے ان تمام کرداروں کو اکٹھا دیکھ کر عوام کی نفرت میں مزید اضافہ ہی ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

اسی حوالے سے انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے موقع پر پی ٹی آئی رہنماء ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ مریم نواز آپ کو مبارک ہو آپ پولیس میں بھرتی ہو گئی ہیں لیکن اگر آپ بھرتی نہیں ہوئیں تو پولیس کی یونیفارم پہننا جرم ہے جس کی قانون میں سزا ہے، مریم نواز کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے، آئی جی پنجاب اس غفلت کا ذمہ دار ہے، جو بندہ پولیس میں نہ ہو اور یونیفارم پہنے وہ جرم کرتا ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات