کراچی کے حالات کی ذمے دار 16 سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے،منعم ظفر

کراچی میں جرائم کو روکنا ہو گا، جس کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پابند کرنا ہو گا،عبوری امیر جماعت اسلامی کراچی

جمعرات 25 اپریل 2024 18:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2024ء) عبوری امیرِ جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا ہے کہ کراچی پر ڈکیتوں کا راج ہے، لاقانونیت ہے، ان حالات کی ذمے دار 16 سال سے سندھ پر پیپلز پارٹی کی حکومت اور پولیس ہے۔کراچی میں عبوری امیرِ جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی آگے بڑھتا ہے تو پورا پاکستان آگے بڑھتا ہے۔

انہوںنے کہا کہ کراچی میں 2024 میں اب تک 17 ہزار وارداتیں ہو چکی ہیں، 2022، 2023 اور 2024 میں 285 افراد قتل کیے گئے۔

(جاری ہے)

عبوری امیرِ جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا کہ وزیرِ داخلہ سندھ کہتے ہیں کہ جب کاروبارِ زندگی چلتا ہے تو اس طرح کے واقعات ہوتے ہیں، وزیرِ داخلہ صاحب اس شہر نے بہت لاشیں اٹھائی ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ کاروبارِ زندگی تب چلتا ہے جب امن ہو، ایک وزیر کراچی کا مقابلہ نیویارک سے کرتے ہیں۔عبوری امیرِ جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا کہ آئی جی کہتے ہیں کہ اعداد و شمار کو بڑھا چڑھا کر بتایا جا رہا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں جرائم کو روکنا ہو گا، جس کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پابند کرنا ہو گا۔