بھارتی وزیراعظم نے راجستھان میں مسلمانوں کے خلاف جو کلمات کہے وہ قابل مذمت ہیں، کیسومل کیل داس کوہستانی

جمعرات 25 اپریل 2024 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) مسلم لیگ (ن) کے اقلیتی رکن قومی اسمبلی کیسومل کیل داس کوہستانی نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے راجھستان میں مسلمانوں کیخلاف جو کلمات کہے وہ قابل مذمت ہیں، وہ اس سے قبل گجرات اور کشمیر میں مسلمانوں کے قتل عام میں ملوث ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو قومی اسمبلی میں کیسومل کیل داس کوہستانی نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ مودی حکومت کا رویہ اچھا نہیں رہا ہے، اب مودی نے کارکردگی پر بات کرنے کی بجائے کمیونٹی کو ہدف بنایا ہے اور مسلمانوں کیخلاف اشتعال انگیز اور نفرت انگیز تقریر کی ہے جس کو بھارت میں بھی سیکولر اور اچھے لوگوں نے ناپسند کیا ہے، ہمارا ہندو مذہب کسی کیخلاف نفرت کی تعلیم نہیں دیتا، مودی نے پہلے ہی گجرات میں مسلمانوں کا خون بہایا اور کشمیر میں ظلم کے پہاڑ توڑے، ہم مودی کے اس بیان کی مذمت کرتے ہیں، مودی اس خطے میں امن اور سیکورٹی کیلئے خطرہ ہے۔

ہمارے ملک پاکستان میں کسی رہنما نے اقلیتوں کیخلاف کبھی ایسی زبان استعمال نہیں کی۔