وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیف ایگزیکٹو آفیسر اے پی ایم ٹرمینلز اور بورڈممبر اے پی مولر میئرسک ، کیتھ سوینڈسن کی سربراہی میں وفد کی ملاقات

جمعرات 25 اپریل 2024 21:30

ًاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2024ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیف ایگزیکٹو آفیسر اے پی ایم ٹرمینلز (APM Terminals) اور بورڈممبر اے پی مولر میئرسک (A P Miller Mearsk) کیتھ سوینڈسن (Keith Svendsen) کی سربراہی میں وفد کی ملاقات کی ہے ۔ملاقات میں کیتھ سوینڈسن نے کراچی میں پاکستان کی پہلی گرین ٹرانس شپمنٹ ٹرمینل کی تعمیر میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

مجوزہ منصوبے کی تعمیر سے کراچی کی بندرگاہ میں بڑے کارگوجہاز لنگر انداز ہو سکیں گے۔مجوزہ منصوبے سے پوری دنیا کو پاکستانی برآمدات تک رسائی حاصل کرنے میں آسانی میسرہو گی۔اس منصوبے سے وسطی ایشیائی ممالک تک دنیا بھر سے کارگو باآسانی پہنچایا جا سکے گا۔ای پی ایم ٹرمینلز لاہور، ترنول اور پشاور میں بھی بین الاقوامی معیار کی لاجسٹکس سٹوریج فیسیلیٹی (Logistics Storage Facility) تعمیر کریگی۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کی بدولت لاجسٹکس کے اعتبار سے پاکستان خطے کا مرکز بن جائے گا۔اس منصوبے سے پاکستان کو مصنوعات کی قدر میں اضافہ کرنے کے مواقع پیدا ہوں گے جس سے لوگوں کو روزگار ملے گا اور معیشت مزید ترقی کرے گی۔وزیراعظم نے اس منصوبے کے لیے وزیر خزانہ کی زیر سربراہی بین الوزارتی کمیٹی تشکیل دے دی جس میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے نمائندے بھی شامل ہیں۔

وزیراعظم نے پاکستان اور ڈنمارک کے مابین زرعی شعبے اور ماحول دوست توانائی کے منصوبوں کی تعمیر میں تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا۔کیتھ سوینڈسن نے پاکستان کی کاروبار اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر اظہار اطمینان کیا۔ملاقات میں ڈنمارک کے سفیر جیکب لنلف، وفاقی وزرائ برائے تجارت، خزانہ، بحری امور، اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔