کامران خان ٹیسوری کا گورنر سندھ اینیشیٹو کے تحت روزگار اسکیم شروع کرنے کا اعلان

روزگار اسکیم کے لیے ایک فنڈ بنا دیا گیا ہے، میرے تمام اینیشیٹو کو وزیراعظم کا اعتماد حاصل ہے، آئی جی سندھ اور سندھ حکومت اچھا کا م کرر ہی ہے، بہت جلد اسٹریٹ کرائم پر قابو پا لیا جائے گا، گورنر سندھ

جمعہ 26 اپریل 2024 21:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2024ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے گورنر ہائوس میں پریس کانفرنس میں گورنر سندھ اینیشیٹو کے تحت روزگار اسکیم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ روزگار کے لیے ایک لاکھ سے ایک کروڑ تک کی رقم فراہم کی جائے گی، سب کو دعوت دیتا ہوں وہ اپنا بزنس پروپوزل بنائیں، یہ پروپوزل گورنر ہاؤس میں جمع کرائیں، انہوں نے مزید کہا کہ بے گھر لوگوں کے لیے بھی پروپوزل بنا رہے ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ گورنر اینیشیٹو روزگار اسکیم شروع کرنے جا رہے ہیں، اور یہ رقم بلا تفریق دی جائے گی، جس کے تحت ایک لاکھ سے ایک کروڑ تک کی رقم فراہم کریں گے، میری کوشش ہے کہ آپ نوکری کرنے والے نہیں نوکری دینے والے بنیں۔انہوں نے کہا کہ کاروباری حضرات نے اس اسکیم کے لیے تعاون کا یقین دلایا ہے، صاحب ثروت افراد کو بھی اس کام میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں، این جی اوز بھی میرے ساتھ کھڑے ہونے کے لیے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ پروپوزل کے قابل عمل ہونے کاکام ماہرین سے کروائیں گے، میرٹ پر رقم دینے کا فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سازشوں کے باوجود عوام کی خدمت کرتا رہوں گا، میرے اینیشیٹو اسی طرح جاری و ساری ہیں، آئی ٹی کا پروگرام اندرون سندھ تک پھیلائیں گے، سندھ کے چھ اضلاع میں آئی ٹی کلاسز کی تمام فنڈنگ ڈونرز تیار ہیں۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ روزگار اسکیم کے لیے ایک فنڈ بنا دیا گیا ہے، میرے تمام اینیشیٹو کو وزیراعظم کا اعتماد حاصل ہے، اٹھارہ مہینوں میں ہر روز اٹھارہ گھنٹے کام کیا، ہمارے نوجوان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، انہوں نے مزید کہا کہ آئی ٹی کورسسز کے لیے کراچی یونیورسٹی سرٹیفکیٹ دے گی۔

اسٹریٹ کرائم پر قا بو پانے کے لیے آئی جی سندھ اور سندھ حکومت اچھا کا م کرر ہی ہے، بہت جلد اسٹریٹ کرائم پر قابو پا لیا جائے گا، وزیر داخلہ محسن نقوی نے بحیثیت نگراں وزیر پنجاب بہت اچھا کام کیا۔ ایس آئی ایف سی ملک کا مستقبل ہے۔