پاک فوج پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرتی رہے گی، جنرل سید عاصم منیر

جمعہ 26 اپریل 2024 23:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرتی رہے گی، فوج کی کوششیں جامع قومی سلامتی اور قوم کی اجتماعی بھلائی کے لیے کردار ادا کریں گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف گرین پاکستان انیشیٹو (جی پی آئی) کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

کانفرنس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی رانا تنویر حسین شرکت ، سول اور ملٹری حکام نے بھی شرکت کی۔فورم کو کثیر جہتی جی پی آئی اقدامات اور مختصر وقت میں حاصل کیے گئے اہم معیارات کے بارے میں بتایا گیا۔ فورم کے سامنے پیش کیے گئے اقدامات میں دیگر چیزوں کے ساتھ ساتھ ماڈل فارمز کا قیام، واٹر مینجمنٹ سکیمیں، جدید ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کی شراکت داریاں شامل ہیں جن کا مقصد پاکستان میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانا اور زرعی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزراء نے اجلاس کے اختتام پر اس تبدیلی کے اقدام کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ زراعت پاکستان کی لائف لائن ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جی پی آئی پاکستان کے زرعی شعبے میں دور حاضر کے بہترین طریقوں کو متعارف کرائے گا۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہاکہ پاکستان کی زمین ایک نعمت ہے جس میں ایک محنتی اور باہمت قوم ہے جسے قومی ترقی کے لیے اکٹھے ہونے کی ضرورت ہے۔ آرمی چیف نے یقین دہانی کرائی کہ پاک فوج پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرتی رہے گی اور اس بات پر زور دیا کہ فوج کی کوششیں جامع قومی سلامتی اور قوم کی اجتماعی بھلائی کے لیے کردار ادا کریں گی۔