سی سی پی او لاہور کا روایتی قمار بازی ،آن لائن جوئے کیخلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا حکم

آن لائن جوئے کی روک تھام کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھر پور مدد لی جائے‘بلال صدیق کمیانہ مختلف کارروائیوں میں423مقدمات درج،1863ملزمان گرفتار،54لاکھ 39ہزار 3سو سے زائد کی ریکوری

ہفتہ 27 اپریل 2024 13:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2024ء) لاہور پولیس پاکستان نیوزی لینڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز کے پیش نظر روایتی و آن لائن گیمبلنگ میں ملوث قانون شکن عناصر کے خلاف مسلسل سرگرم عمل ہے۔ رواں سال قمار بازوں کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران423مقدمات کا اندراج کر کی1863ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی جبکہ گرفتار ملزمان سی54لاکھ 39ہزار 3سو سے زائد کی ریکوری کی گئی ہے۔

کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ نے بتایا کہ کینٹ ڈویژن میں 367ملزمان گرفتار، سول لائنزمیں 218، سٹی میں 657، اقبال ٹاؤن میں 283،ماڈل ٹاؤن میں 169اورصدرڈویژن میں 169ملزمان گرفتار کئے گئے ہیں۔ سی سی پی او لاہور نے پولیس افسران کو روایتی قمار بازی اور آن لائن جوئے کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے جوئے کے اڈوں پر انٹیلی جنس بیسڈ ریڈ کرنے اور آن لائن جوئے کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے آن لائن جوئے کی روک تھام کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھر پور مددلینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لوگو ں کو آن لائن جوئے کی ترغیب دینے والے سوشل میڈیا اکاونٹس اور اپلیکیشنزپر بھی کڑی نظر رکھی جائے۔بلال صدیق کمیانہ نے آن لائن جوئے میں ملوث سماج دشمن عناصرکو کیفر کردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جواء ایک سماجی لعنت ہے، والدین اپنے بچوں کو اس سے دور رکھیں اور شہری قماری بازی و دیگر جرائم سے پاک معاشرے کے قیام میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔