دیگر صوبوں کی نسبت خیبر پختونخوا موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر صوبہ ہے،بیرسٹرسیف

ہفتہ 27 اپریل 2024 23:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹرسیف نے کلائمیٹ چینج کونسل اجلاس پر ردعمل کے اظہار میں کہا ہے کہ دیگر صوبوں کی نسبت خیبر پختونخوا موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر صوبہ ہے۔یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ دہشتگردی اور کلائمیٹ چینج سے خیبر پختونخوا میں عوام کو بہت زیادہ جانی و مالی نقصان پہنچا ہے تاہم خیبر پختونخوا کی عوام نے انتہائی صبر کے ساتھ مشکل ترین وقت گزارا مگر افسوس کی بات تو یہ ہے کہ 2022 کے سیلاب میں وفاق نے خیبرپختونخوا کو یکسر نظر انداز کیا تھا حالانکہ اگست 2022 میں شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرین کے لیے 10 ارب روپے کا اعلان بھی کیا تھا جو وفا نہیں ہوا،اسی طرح اقوام متحدہ سے ملنے والے گرین کلائمیٹ فنڈ میں بھی خیبر پختونخوا کو مسلسل نظر انداز کیا جارہاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال جنیوا میں پاکستان فلڈ ڈونرز کانفرنس کے 9 ارب ڈالرز میں سے بھی خیبرپختونخوا کو کوئی حصہ نہیں دیا گیااور کلائمنٹ چینج کانفرس کاپ میں بھی وفاق نے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے خیبر پختونخوا کو بالکل نظر انداز کیا۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ وفاق نیٹ ہائیڈل پرافٹ کے بعد خیبر پختونخوا کے کاربن کریڈٹ شئیر پر بھی قبضہ کرنا چاہتی ہے،ایسا لگتا ہے کہ وفاق خیبرپختونخوا کے حقوق پر مسلسل ڈاکہ ڈال رہا ہے۔

مشیر اطلاعات ڈاکٹر سیف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کلائمیٹ چینج کونسل اجلاس میں بھی وزیر اعظم سے صوبائی بقایاجات پر بات کی اور وفاق کی جانب سے زیادتیوں کے حوالے وزیر اعلیٰ علی امین نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا مگر اس کے باوجود وفاق سیاسی چپقلش کی وجہ سے خیبر پختونخوا کے حقوق نہ دے کر یہاں کی عوام کے ساتھ زیادتی کر رہا ہے۔